60 فیصد پاکستانیوں کا متعدد سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اکاﺅنٹ نہیں، گیلپ
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) گیلپ پاکستان نے نیا سروے جاری کردیا۔ سروے 28 جون سے 10 جولائی تک کیا گیا جس میں 700 سے زائد افراد سے رائے لی گئی۔ گیلپ پاکستان کے سروے میں انکشاف ہوا کہ 60 فیصد پاکستانی فیس بک، انسٹاگرام اور ٹک ٹاک سمیت سماجی رابطوں کی دیگر ایپس سے دور ہیں اور انہوں نے کوئی اکاﺅنٹ نہ ہونے کا کہا۔ البتہ 40 فیصد نے ان ایپس پر اکاﺅنٹ ہونے اور بھرپور استعمال کرنے کا بتایا۔ سروے کے مطابق ان ایپس پر 30 سال سے کم عمر کے 62 فیصد پاکستانی نوجوان زیادہ فعال ہیں جبکہ 30 سال سے زائد عمر کے صرف 30 فیصد پاکستان متحرک ہیں۔ سوشل میڈیا ایپس کے استعمال میں پاکستانی مرد خواتین سے بھی آگے ہیں اور مردوں میں 45 فیصد جبکہ خواتین میں 35 فیصد نے فیس بک، انسٹاگرام اور ٹک ٹاک استعمال کرنے کا کہا۔ ایپس کے ذریعے آن لائن دوست بنانے کا بھی 22 فیصد پاکستانیوں نے بتایا جبکہ 76 فیصد نے کہا انہوں نے کوئی آن لائن دوستی نہیں کی۔


