اسٹاک ایکسچینج اور ڈی ایس پی گلبہار کے دفتر پہ حملے میں ایک ہی ساخت کے اسلحہ کا استعمال

کراچی کے ضلع وسطی میں سب ڈویژنل پولیس آفیسر گلبہار کے دفتر اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر ناکام حملوں میں ایک ہی ساخت کے غیر ملکی ہینڈ گرنیڈ استعمال کئے گئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق دونوں کارروائیاں کسی ایک مسلح گروپ نے کیں؟ اس کا تعین نہیں ہوسکا لیکن قانون نافذ کرنے والے ادارے اس امر پر متفق ہیں کہ کراچی میں ےتخریب کاروں کو رسد پہنچانے کے پیچھے کسی ایک ہی بین الاقوامی خفیہ ایجنسی کا ہاتھ ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق گزشتہ روز لیاقت آباد اور ناظم آباد کے درمیان گجر نالے پر واقع سابقہ سپر مارکیٹ تھانے کی عمارت میں قائم ایس ڈی پی او گلبہار کے دفتر پر موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں نے جو دستی بم پھینکا تھا ہوبہو اسی ساخت کا ہینڈ گرنیڈ پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملے میں بھی استعمال کیا گیا تھا جس میں 4 حملہ آور مارے گئے تھے۔ڈی ایس پی دفتر پر حملے میں سینٹرل پولیس کے علاوہ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ بھی تحقیقات کر رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس حملے کی تفتیش میں کوئی بریک تھرو تو نہیں ملا لیکن اس امر کا تعین ہوا ہے کہ کراچی میں حالات خراب کرنے میں پڑوسی ملک کی خفیہ ایجنسی ایک ہی قسم کے اسلحہ اور گولا بارود کی سپلائی دے رہی ہے۔تفتیش کاروں کا شبہ ہے کہ ملک دشمن عناصر ملک کے خلاف کارروائیوں میں ایک ہی پلیٹ فارم پر آ چکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں