یوکرینی فوج کی روسی سرزمین پر لڑائی، پیوٹن جوہری ہتھیاراستعمال کرسکتے ہیں، بیلا روس

منسک(این این آئی )بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو نے کہا ہے کہ روسی سرزمین میں یوکرینی فوج کی جاری کارروائی روس کو جوہری ہتھیاروں کے استعمال پر مجبور کرنے کی کوشش ہے ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق رپورٹ کے مطابق ایک انٹرویومیں بیلاروس کے صدر نے خبردار کیا کہ کرسک ریجن میں یوکرینی فوج کی کارروائی جو جنگ شروع ہونے کے بعد یوکرین کا سب سے بڑا سرحد پار حملہ ہے ،سے عالمی سلامتی کو بہت زیادہ خطرات لاحق ہو گئے ۔انہوں نے کہا کہ روس کی طرف سے ممکنہ طور پر جوہری اسلحہ کے استعمال کو یوکرین اور اس کے مغربی حامی ممالک اپنے مفاد میں استعمال کریں گے اور نتیجہ کے طور پر پوری دنیا میں روس کے خلاف نفرت پیدا کریں گے ۔بیلاروس کے صدر نے کہا کہ یوکرین کا یہ اندازہ ہے کہ اس کا حملہ روس کو مذاکرات کی میز پر لانے میں معاون ثابت ہو گا، درست نہیں کیونکہ روس نے ابھی تک یوکرین کے خلاف بھرپور فوجی کا رروائی کا آغاز بھی نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ روسی فوج بالآخر یوکرینی فوج کو اپنی سرزمین سے نکال دے گی۔روس کے جوہری ڈاکٹرائن کے مطابق روس اپنے جوہری ہتھیاروں کو صرف اس کے یا اس کے اتحادیوں کے خلاف جوہری اور دیگر قسم کے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کے استعمال کے جواب میں اور روایتی ہتھیاروں کے استعمال سے روس کے خلاف جارحیت کی صورت میں بھی اس وقت استعمال کر سکتا ہے جب ریاست کا وجود ہی خطرے میں پڑ جائے۔