بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے بلوچستان میں سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کیے جارہے ہیں، سرفراز بگٹی کی برطانوی ہائی کمشنر سے گفتگو
کوئٹہ (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کی ملاقات۔ کوئٹہ میں وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی سے پاکستان میں برطانیہ کی ہائی کمشنر مس جین میریٹ نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، بلوچستان میں ترقیاتی تعاون اور دوطرفہ روابط کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران بلوچستان میں تعلیم، صحت، گورننس اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا گیا، جبکہ وزیراعلیٰ بلوچستان نے برطانوی ہائی کمشنر کو صوبے میں جاری اصلاحات اور ترقیاتی اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں امن، پائیدار ترقی اور عوامی فلاح حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے صوبے میں ترقی، سرمایہ کاری اور خوشحالی کے نئے مواقع پیدا کیے جارہے ہیں۔


