وزارت خزانہ کے لگائے ٹیکسوں سے وزارت تجارت متفق نہیں، جام کمال

کراچی(آن لائن)وفاقی وزیر تجارت و صنعت جام کمال خان نے کہا ہے کہ 28 اگست کی ہڑتال تاجروں کا حق ہے، کراچی چیمبر کے ساتھ اگر ایف پی سی سی آئی بھی حمایت کرتا ہے تو ضرور کرے، وزرات خزانہ کی جانب سے لگائے ٹیکسز پر وزارت تجارت متفق نہیں ہے ،وزیراعظم آئندہ دو ہفتوں میں ٹیرف بورڈ پر جلد اعلان کرینگے۔جمعہ کو فیڈریشن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تاجروں وصنعتکاروں سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر تجارت و صنعت نے کہا کہ ماضی میں کئے گئے آزاد تجارتی معاہدے ملکی مفاد میں نہیں تھے اور اس سے پاکستان کو فائدے کے بجائے نقصان ہوا ہے۔ اس موقع پرایف پی سی سی آئی کے سینئرنائب صدر ثاقب فیاض مگوں،صدر ایف پی سی سی آئی کے ایڈوائزر اور صدر یونائٹیڈ بزنس گروپ زبیرطفیل،ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی پاکستان کے چیف ایگزیکٹو زبیرموتی والا،خالدتواب ،طارق حلیم ،شبیرمنشا چھرا،میاں زاہد حسین ،ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ،رفیق سلیمان اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔جام کمال خان نے کہا کہ گزشتہ چار سالوں میں بزنس کمیونٹی کے لئے حالات سنگین رہے ہیں ،سیاسی حالات اور غیر یقینی صورتحال نے اس میں اضافہ کئے رکھا،آئی ایم ایف کی شرائط سمیت بے شمار مشکلات بھی ہیں اوراس سے غیر یقینی طول پکڑتی ہے۔ وفاقی وزیر نے وزارت تجارت اور حکومت پاکستان کی جانب سے مکمل حمایت کا یقین دلایا اور وزیراعظم کے وژن کے تحت پاکستان کی معیشت کو فروغ دینے اور کاروبار کرنے کی آسانی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کی بقا براہ راست وزارت تجارت اور چیمبرز آف کامرس کی کارکردگی سے جڑی ہوئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں