پاکستان نے سعودی عرب سے ڈیڑھ ارب ڈالر اضافی قرض مانگنے کی تصدیق کردی

اسلام آباد (انتخاب نیوز)پاکستان نے عالمی مالیاتی فنڈز( آئی ایم ایف) کے بیل آﺅہٹ پیکیج کے لئے درکار بیرونی مالیاتی فرق کو پورا کرنے کے لئے سعودی عرب سے قرضہ بڑھانے کی درخواست کی تصدیق کردی ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان نے مبینہ طور پر سعودی عرب سے اپنے موجودہ 5 ارب ڈالرز کے پورٹ فولیو میں ایک ارب 50 کروڑ ڈالرز قرض مزید بڑھانے کی درخواست کی ہے تاکہ عالمی مالیاتی فنڈز کے 37 ماہ کے بیل آﺅٹ پیکیج کے حصول کے لئے ضروری بیرونی مالیاتی فرق کم کرنے میں مدد ملے جبکہ یہ پیکیج آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری تک زیر التوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ مروجہ طریقہ کار کے مطابق تینوں دوست دوطرفہ شراکت داروں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور چین کی جانب سے پاکستان کو دئیے گئے اپنے 12 ارب ڈالرز قرض کو رول اوور کرنے کے حوالے سے اپنے ایگزیکٹو ڈائریکٹرز کے ذریعے آئی ایم ایف کو تصدیق کرنا ہوگی۔حکومت نے گزشتہ ماہ باقاعدہ طور پر تصدیق کی تھی کہ وفاق نے تین دوست ممالک کے ساتھ 27 ارب ڈالر سے زائد کے قرضوں اور واجبات کی ری پروفائلنگ کے عمل کو شروع کردیا ہے جبکہ ری پروفائلنگ یا 12 ارب ڈالر رول اوور دراصل آئی ایم ایف کی جانب سے توسیعی فنڈ سہولت کے تحت مقرر کردہ شرط ہے جبکہ اسلام آباد نے توانائی کے شعبے میں 15 ارب ڈالر سے زائد کے قرضوں کی ری پروفائلنگ کرنے اور درآمدی کوئلے پر مبنی منصوبوں کو مقامی کوئلے میں تبدیل کرنے کی بیجنگ سے درخواست کی ہے تاکہ بروقت ادائیگیوں میں مشکلات کے پیش نظر مالیاتی گنجائش پیدا کی جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں