اسرائیل نے لبنان پر زمینی حملہ کر دیا

بیروت(مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیل نے لبنان پرزمینی حملہ شروع کردیا، جنوبی لبنان پر اسرائیلی ٹینک اور آرٹیلری کے حملے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔اسرائیلی عہدیداران کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج جنوبی لبنان کے دیہاتوں میں محدود پیمانے پر ٹارگٹڈ کاروائیاں کرے گی۔عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے لبنانی سرحد کے قریب بستیوں کو فوجی چھاؤنیاں قرار دے دیا ہے۔دوسری جانب لبنانی حکام کے مطابق بیروت کے جنوب میں عین الدلب میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں کم از کم 45 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں، پچھلے 24 گھنٹوں میں لبنان میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 136 تک پہنچ گئی ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں فلسطینی لبریشن فرنٹ کے تین ارکان بھی شامل ہیں۔حزب اللّٰہ کے نائب سربراہ نعیم قاسم نے حسن نصراللّٰہ کے قتل کے بعد اپنے پہلے خطاب میں کہا کہ حزب اللّٰہ اسرائیلی زمینی حملے کے لیے تیار ہے اور تنظیم کا نیا سربراہ اندرونی طریقہ کار کے مطابق منتخب کیا جائے گا۔