ملکی سیاست کی کنجی عمران خان کے ہاتھ میں ہے،پرویزالٰہی

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیاست کی کنجی بانی پی ٹی آئی کے ہاتھ میں ہے، تحریک انصاف کے رہنمائوں و کارکنوں پر جتنے مرضی جھوٹے پرچے کروا لیں لیکن اب ظلم کے بادل چھٹنے والے ہیں۔ مرکزی صدر پاکستان تحریک انصاف چو ہدری پرویزالٰہی نے احتساب عدالت میں پیشی پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اب صرف پاکستان کے لیڈر نہیں بلکہ دنیائے اسلام کے لیڈر بن چکے ہیں، اقوام متحدہ میں اصل خطاب تو بانی پی ٹی آئی کا تھا، دنیا ان کی آواز سنتی ہے۔چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے پہلے ہی بتا دیا تھا کہ اس طرح کا سلوک رکھا گیا تو ہمارے پاس اور کوئی چوائس نہیں، ساری پاکستانی قوم اور مسلم امہ ایک طرف کھڑے ہو جائیں گے، ہر سچے پاکستانی کی طرح، میں اور میری فیملی مضبوطی سے بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عوام کے دلوں میں بستے ہیں، عوام خود ہی اپنے ہیرو کیلئے باہر نکلتی ہے، موجودہ سیاسی عدم استحکام تحریک انصاف کے انتخابی مینڈیٹ کو تسلیم نہ کرنے کا نتیجہ ہے، عدلیہ پر پورا یقین ہے، انشا اللہ جلد ہی بانی پی ٹی آئی دوبارہ عوام کے درمیان ہوں گے۔انہوںنے کہا کہ صحت کارڈ سکیم ختم کر کے پنجاب حکومت روزانہ ہزاروں غریب مریضوں کو موت کے منہ میں دھکیل رہی ہے، پنجاب کے کاشت کاررل گئے ہیں، کوئی ان کا والی وارث نہیں، دوسروں کیلئے اناج اگانے والوں کے اپنے گھروں کے چولہے بجھ رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں