گوادر، ضلعی ورکر اجلاس ،ہماری جدوجہد کا محور عوام کو استحصالی قوتوں سے چھٹکارا دلانا ہے، نیشنل پارٹی

گوادر(نمائندہ انتخاب)نیشنل پارٹی کا ضلعی ورکر اجلاس زیر صدارت نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر ہوت غفور کے منعقد ہوا۔ اجلاس کے مہمان خاص نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سابقہ وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ تھے۔ اجلاس میں مرکزی کونسل سیشن کیلئے مرکزی اور صوبائی کونسلروں کے چناو، تنظیمی امور اور موجودہ سیاسی صورتحال پر بات کی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کا کہنا تھا کہ نیشنل پارٹی ایک وسیع سوچ، فکر اور نظریہ کی حامل سیاسی جماعت ہے، ہماری جدوجہد کا محور عوام کو استحصالی قوتوں سے چھٹکارا دلانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی ایک اصولی جماعت ہے ہم عوامی امنگوں کے برعکس کوئی بھی فیصلہ نہیں کرینگے اور نہ ہی محلاتی سازشوں کا حصہ بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی کے کارکنوں کو یقین دلاتا ہوں کہ نیشنل پارٹی ایسا کوئی بھی فیصلہ نہیں کرے گی کہ جس سے بلوچستان کے مفادات کو نقصان پہنچے سیاسی کارکن نیشنل پارٹی کی قیادت پر اعتماد کریں، ہمارا کارکن ہمارا سرمایہ ہیں ہم اپنے کارکنوں کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی عدم تشدد کی سیاست، جمہوریت کی بالادستی، پارلیمنٹ کی مضبوطی، آزاد عدلیہ اور اظہار رائے کی آزادی پر یقین رکھتی ہے جس کے لئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر انہوں نے کارکنان کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جوابات دیئے۔ اجلاس سے نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر ہوت غفور نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ نیشنل پارٹی کمیڈڈ سیاسی ورکروں کی جماعت ہے یہاں کوئی کلاس نہیں بلکہ مرکزی و ضلعی سطح کے قائدین اپنے ورکروں کے جواب دہ ہیں یہ سیاسی کلچر کسی دوسروں جماعتوں میں ناپید ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی کے کارکن متحد رہیں عوام کو درپیش مسائل سے نکالنے کے لئے جدوجہد کو تیز تر کریں۔ اجلاس کی کاروائی ضلعی جنرل سیکریٹری محمد حیاتان نے چلائی۔ اجلاس میں نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء سابقہ سنیٹر کہدہ محمد اکرم دشتی، نیشنل پارٹی کے ریجنل سیکریٹری مکران واجہ ابل حسن، مرکزی فنانس سیکریٹری حاجی فدا حسین دشتی، نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء اشرف حسین، میڈم طاہرہ خورشید، نیشنل پارٹی کے صوبائی فشریز سیکریٹری آدم قادربخش، صوبائی ورکنگ کمیٹی کے ممبر محسن بھٹو، کہدہ بابوگلاب، نیشنل پارٹی کیچ کے رہنماء حاجی شوکت دشتی، سابقہ چیئرمین میونسپل کمیٹی پسنی حکیم چیف، نیشنل پارٹی کے سابقہ ضلعی صدر فیض نگوری، نیشنل پارٹی کے ضلعی جوائنٹ سیکریٹری اکرم رمضان، سابقہ چیئرمین میونسپل کمیٹی جیونی منظور بلوچ، پسنی کے رہنماء سابقہ وائس چیئرمین پسنی کے بی بلوچ، ندیم یاسین، اخلاق احمد، اللہ بخش. تحصیل گوادر کے صدر ناگمان عبدل۔جنرل سیکرٹری ولید مجید ۔اورماڑہ کے رہنماء عبدالباقی، سربندن کے رہنماء کہدہ بشیر سمیت گوادر، پسنی، جیونی اور سربندن کے رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں