سموگ میں خطرناک اضافہ، لاہور کے سکول ایک ہفتے کیلئے بند
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)لاہور میں خطرناک حد تک بڑھ جانے والی سموگ کی وجہ سے نجی و سرکاری پرائمری سکولوں کو ایک ہفتے کے لیے بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔لاہور میں انتہائی خطرناک حد تک بڑھ جانے والی سموگ کے پیش نظر پنجاب کے محکمہ تحفظ ماحولیات نے اتوار کو نجی و سرکاری پرائمری تعلیمی اداروں کو ایک ہفتے کے لیے بند کرنے کا حکم دے دیا۔محکمہ تحفظ ماحولیات پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل عمران حامد شیخ کے دستخط کے ساتھ جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق سکول چار سے نو نومبر تک بند رکھے جائیں گے۔انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں محکمہ تحفظ ماحولیات کے ترجمان ساجد بشیر نے بتایا کہ فیصلے کے تحت تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ’سموگ کی صورت حال کو دیکھتے ہوئے ان چھٹیوں میں مزید اضافے سے متعلق نو نومبر کو فیصلہ کیا جائے گا۔‘ساجد بشیر نے یہ بھی بتایا کہ نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد پنجاب حکومت نے محکمہ سکول ایجوکیشن کو بھی احکامات پر عمل درآمد کے لیے ہدایات جاری کر دی ہیں۔


