نواز شریف، آصف زرداری کیخلاف توشہ خانہ ریفرنس اسپیشل جج کو منتقل کرنے کی درخواست
صدر مملکت آصف زرداری، سابق وزرائے اعظم نوازشریف اور یوسف رضا گیلانی کے خلاف توشہ خانہ گاڑیوں کے ریفرنس میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے، قومی احتساب بیورو (نیب) نے کیس اسپیشل جج سینٹرل کی عدالت میں منتقل کرنے کی استدعا کردی۔
احتساب عدالت کی جج عابدہ سجاد نے صدر مملکت آصف علی زرداری، سابق وزرائے اعظم نواز شریف، یوسف رضا گیلانی اور دیگر کے خلاف توشہ خانہ گاڑیوں کے ریفرنس کی سماعت کی۔کئی سالوں سے کیس کی پیروی کرنے والی نیب ٹیم نے توشہ خانہ گاڑیوں کا کیس اسپیشل جج سنٹرل کی عدالت میں منتقل کرنے کی استدعا کردی۔نیب ترامیم کی بحالی کے بعد نیب نے احتساب عدالت میں ریفرنس واپس بھیجنے کے حوالے سے جواب جمع کروا دیا۔جمع کروائے گئے جواب میں نیب نے کہا کہ اس ریفرنس کی مجموعی مالیت 4 کروڑ 82 لاکھ روپے ہے، یہ کیس اب نیب کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا، نیب ترامیم کے بعد 50 کروڑ سے زائد کا فراڈ نیب کے دائرہ اختیار میں آتا ہے۔


