ٹرمپ کا پیوٹن سے ٹیلیفونک رابطہ، یوکرین جنگ کو توسیع نہ دینے پرزور

واشنگٹن،کیف (آئی این پی ) نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے الیکشن جیتنے کے بعد روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن سے ٹیلی فون پر بات کی ہے۔ امریکی اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے الیکشن جیتنے کے بعد رواں ہفتے روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن سے ٹیلی فونک گفتگو کی۔ اخبار کے مطابق ٹرمپ نے روسی صدر پیوٹن سے یوکرین جنگ کو مزید وسعت نہ دینے کا کہا ہے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹرمپ اور پیوٹن کے درمیان ٹیلی فونک کال پر ثالثی کا کردار ادا کرنیوالے نے بھی دونوں کے درمیان گفتگو کی تصدیق کی تاہم سرکاری سطح پر امریکی و روسی رہنمائوں کے درمیان فون پر گفتگو کی تاحال تصدیق یا تردید نہیں ہو سکی ہے۔رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے دعوی کیا گیا ہے کہ ٹیلی فونک گفتگو کے حوالے سے یوکرین کو آگاہ کر دیا گیا تھا اور کیف کی جانب سے اس پر کسی قسم کا اعتراض نہیں کیا گیا تھا۔اس حوالے سے یوکرین کی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہمیں ڈونلڈ ٹرمپ اور پیوٹن کے درمیان ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو کے حوالے سے کوئی اطلاع فراہم نہیں کی گئی اور ہمارے لیے یہ ممکن ہی نہیں ہے کہ ہم اس طرح کی کسی فون کال کی اجازت دیں یا اس کی مخالفت کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں