امیدہے نئی امریکی انتظامیہ یوکرین کی عسکری تائید و حمایت جاری رکھے گی،برطانیہ
لندن (صباح نیوز)برطانیہ نے امید ظاہر کی ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی قیادت میں آئندہ امریکی انتظامیہ بھی نیٹو میں اپنے فرائض ادا کرتی رہے گی اور یوکرین کی عسکری تائید و حمایت جاری رکھے گی۔ جرمن نشریاتی ادارے ڈی ڈبلیو کے مطابق برطانوی وزیر دفاع جان ہیلی نے گزشتہ روز بیان میں کہا کہ انہیں توقع ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی دوسری مدت صدارت میں بھی امریکا یوکرین کی تائید و حمایت تب تک جاری رکھے گا جب تک کہ یہ تنازع حل نہیں ہو جاتا۔انہوں نے کہا کہ میں امید کرتا ہوں کہ امریکہ برطانیہ جیسے اپنے اتحادیوں کے ساتھ کھڑا رہے گا اور یوکرین کے شانہ بشانہ بھی، چاہے اس میں جتنا بھی عرصہ لگے۔ ا نہوںنے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی دوسری مدت صدارت کے دوران بھی نیٹو میں امریکی کردار اور یورپی سلامتی سے متعلق واشنگٹن کا پختہ عزم دونوں بہت مضبوط رہیں گے۔ برطانوی وزیر دفاع نے کہا کہ وہ خود بھی ماضی میں اس امر کی وکالت کرتے رہے ہیں کہ یورپی اقوام کو اپنے دفاعی اخراجات میں اضافے کے سلسلے میں اب تک کے مقابلے میں زیادہ بوجھ اٹھانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ میں یہ توقع نہیں کرتا کہ امریکہ اپنا رخ موڑ کر نیٹو سے دوری اختیار کر لے گا اس لیے کہ امریکی رہنما مغربی دفاعی اتحاد کی اہمیت کو پوری طرح سمجھتے ہیں، انہیں اس بات کا بھی مکمل شعور ہے کہ یورپ میں مزید تنازعے سے بچنا کتنا ضروری ہے۔