آسٹریلیا نے دوسرے ٹی 20 میچ میں بھی پاکستان کو شکست دے دی
سڈنی (مانیٹر نگ ڈیسک)آسٹریلیا نے دوسرے ٹی 20 میچ میں بھی پاکستان کو شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔سڈنی میں کھیلے گئے میچ میں میزبان آسٹریلیا نے پاکستان کو 13 رنز سے مات دی، 148 رنز کے ہدف کے تعاقب میں گرین شرٹس 19 اعشاریہ 4 اوورز میں 134 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔گرین شرٹس کو آخری اوور میں جیت کےلیے 16 رنز درکار تھے، جو نہ بن سکے، محمد عرفان خان 37 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔پاکستان کی طرف سے عثمان خان 52، محمد رضوان 16 کے علاوہ کوئی کھلاڑی دہرا ہندسے میں اسکور نہ کرسکا، چار کھلاڑی صفر پر پویلین لوٹ گئے۔اس سے قبل آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔آسٹریلیا نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹ پر 147 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کے لیے 148 رنز کا ہدف دیا۔آسٹریلیا نے اپنی اننگز کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا تھا، تاہم حارث رؤف نے ایک بار پھر شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا، آسٹریلیا کی پہلی اور دوسری وکٹ 52 رنز پر گری، دونوں وکٹیں حاصل حارث رؤف نے حاصل کیں۔پاکستان کے خلاف میزبان آسٹریلیا کی تیسری وکٹ 56 رنز پر گری، اوپنر میتھیو شارٹ 32 رنز بنا کر عباس آفریدی کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔آسٹریلیا کی چوتھی وکٹ 86 رنز پر گری، یہ وکٹ سفیان مقیم کے حصے میں آئی جبکہ آسٹریلیا کی پانچویں وکٹ 95 رنز گری، گلین میکسویل 21 رنز بنا کر سفیان مقیم کا شکار بنے۔پاکستان کے خلاف آسٹریلیا کی چھٹی وکٹ 115 رنز پر گری، حارث رؤف نے ٹم ڈیوڈ 18 رنز پر کو آؤٹ کیا جبکہ ساتویں وکٹ 139 رنز پر گری، یہ وکٹ بھی حارث رؤف کے حصے میں آئی۔