پنجاب، سندھ اور بلوچستان سے کوئی نہیں نکلا، یہ واحد احتجاج ہے جس کو افغان لیڈ کررہے ہیں، عطا تارڑ

اسلام آباد (مانیٹر نگ ڈیسک)وزیرِ اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ کا کہنا ہے کہ بشریٰ بی بی پلان کر کے آئی ہیں کہ لاشیں گروانی ہیں، ان کا خون خرابے کے بغیر گزارہ نہیں۔ عطاء تارڑ نے کہا کہ 9 مئی کے مقاصد یہ لوگ دوبارہ حاصل کرنا چاہتے ہیں لیکن ہم ان کے مقاصد پورے نہیں ہونے دیں گے۔اُنہوں نے کہا کہ رینجرز اہلکار جو شہید ہوئے ان کا خون کس کے ہاتھ میں تلاش کیا جائے؟وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی کہ بیلاروس کے صدر کا دورہ خراب ہو، جب بھی کوئی بیرون ملک سے وفد سرمایہ کاری کے لیے آتا ہے تبھی ان کو دھرنا کیوں یاد آتا ہے؟ ان کا نظریہ ملک دشمن ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ پورے پنجاب ، سندھ اور بلوچستان سے کوئی نہیں نکلا۔عطاء تارڑ نے کہا کہ کرائے پر لوگوں کو لایا گیا ہے، مظاہرین کو پکڑا گیا تو وہ کہہ رہےہیں کہ ہمیں تو پیسے دیے گئے ہیں، بشریٰ بی بی خود ڈی چوک پر آئیں، وہ غریب کے بچوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کر رہی ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ ہمیں مجبور نہ کریں کہ ہم آپ کے خلاف آخری حد تک جائیں، ابھی بھی وقت ہے باز آجائیں اور واپس چلے جائیں، ریاست کا صبر کا پیمانہ لبریز ہوتا ہے تو اس کے نتائج بڑے بھیانک ہوتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں