نیب میں وائٹ کالر کرائمز کی موثر تفتیش کے لئے اسپیشل سیل قائم کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد: چئیرمین نیب جسٹس ریٹائرڈجاوید اقبال کی ہدایت پر نیب میں وائٹ کالر کرائمز کی موثر تفتیش کے لئے فوری طور پرانتہائی تجربہ کار افسران پر مشتمل ایک اسپیشل سیل قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق چئیرمین نیب نے وائٹ کالر کرائمز کی تفتیش کے لئے ایک اسپیشل سیل بنانے کی ہدایت کی ہے اسپیشل سیل میں وائٹ کالر کرائمز کی موثر تفتیش کے لئے انتہائی تجربہ کار تفتیشی افسران، بینکرز، چارٹرڈ اکائنٹنٹس، انکم ٹیکس کے ماہر وکلاء، فرانزک ماہر اور فنانشل ایکسپرٹس شامل ہونگے جو کہ وائٹ کالر کرائمز کی تفتیش میں نیب افسران کی معاونت کرینگے۔ اس کے علاوہ قانونی موشگافیوں کو بہتر طور پر سمجھنے میں مدد کریں گے۔ نیب کا اسپیشل سیل وائٹ کالر کرائمز تحقیقات میں مزید معاونت کیلئے ایس ای سی پی، ایف بی آر، سٹیٹ بنک آف پاکستان اور دیگر متعلقہ اداروں سے قانون کے مطابق رہنمائی حاصل کرنے کے مجاز ہونگے۔


