سانحہ 8اگست میں بلوچستان کو جو نقصان پہنچا اسکی تلافی ناممکن ہے، علی مدد جتک
کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے شہداء 8اگست کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سانحہ 8اگست میں بلوچستان کو جو نقصان پہنچا اسکی تلافی ناممکن ہے،8 اگست کے شہداء ایک خاندان یا ایک قوم کا اثاثہ نہیں بلکہ وہ پوری قوم کے چشم و چراغ تھے،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کمیشن رپورٹ کی سفارشات کی روشنی میں لواحقین کو انصاف فراہم کیا جائے۔یہ بات پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے صدر حاجی علی مدد جتک، جنرل سیکرٹری سید اقبال شاہ اور سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند خان جوگیزئی نے سانحہ 8 اگست سول ہسپتال کے شہداء کی چوتھی برسی کے موقع پراپنے ایک مشترکہ بیان میں کہی، انہوں نے کہا کہ سانحہ سول ہسپتال کوئٹہ کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں چار سال قبل دہشتگردی کے بزدلانہ کاروائی میں ہمارے قابل فخر ہیرے ہم سے ہمیشہ کے لئے بچھڑ گئے تھے 8 اگست 2016 کو ملک اور بالخصوص صوبہ بلوچستان نے بہت بڑا نقصان اٹھایا جسے ہم برسوں تک پورا نہیں کرسکتے انہوں نے کہا کہ چار سال قبل 8 اگست کے دن ہم سے ہمارے انتہائی پڑھے لکھے اور مخلص وکلاء کو ہم سے ہمیشہ کیلئے جدا کر دیا گیا 8 اگست کے شہداء ایک خاندان یا ایک قوم کے اثاثے نہیں تھے بلکہ وہ پوری قوم کے چشم و چراغ تھے انہوں نے کہاکہ دہشتگردوں نے بلوچستان کے وکلاء کی نسل کشی کی اور اس دن وکلاء نے محکوم اور مظلوم عوام کے حقوق کیلئے جانیں قربان کیں،انشاء اللہ وہ دن دور نہیں کہ پورے ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ ہو گا اور ملک دشمنوں کو شکست ہو گی انہوں نے مطالبہ کیا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کمیشن کی رپورٹ پر جلد از جلد عمل درآمد کرکے لواحقین کو انصاف فراہم کیا جائے۔انہوں نے کہاکہ ہم شہداء کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور ان شہداء کی قربانی ہم سب کیلئے مشعل راہ ہے۔


