سعودی عرب میں تیل کے کنوں کے پانی میں لیتھیم کا انکشاف

ریاض(این این آئی )سعودی عرب کے نائب وزیر برائے صنعت و معدنی وسائل خالد المدیفر نے بتایا ہے کہ مملکت نے بڑی قومی تیل کمپنی آرامکو کے آئل فیلڈز سے نمکین پانی کے نمونوں سے لیتھیم نکالنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ اس حوالے سے آرامکو جلد ہی ایک پائلٹ کمرشل پروگرام شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔انہوں نے عرب ٹی وی کو مزید کہا کہ کنگ عبداللہ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی جانب سے شروع کی گئی ایک اسٹارٹ اپ کمپنی لیتھیم انفینٹی جسے لیتھک کے نام سے بھی جانا جاتا ہے آرامکو اور سعودی عرب کی مائننگ کمپنی معادن کے تعاون سے لیتھیم نکالنے کے منصوبے کی قیادت کرے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ نئی ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے لیتھیم نکالتے ہیں جو انہوں نے کنگ عبداللہ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں تیار کی ہے۔ وہ اس سلسلے میں تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ آئل فیلڈز میں ایک پائلٹ کمرشل پراجیکٹ کی تیاری پر کام کر رہے ہیں تاکہ فیلڈزسے نکلنے والے نمکین پانی سے لیتھیم کے اخراج کو ممکن بنایا جا سکے۔المدیفر نے کہا کہ آئل فیلڈز میں کھارے پانی سے لیتھیم نکالنے کی لاگت قدرتی نمک کے فلیٹوں سے نکالنے کے روایتی طریقہ سے زیادہ ہے، لیکن انہیں امید ہے کہ اگر لیتھیم کی قیمتوں میں اضافہ ہوا تو یہ منصوبہ جلد تجارتی طور پر قابل عمل ہو جائے گا۔