سلامتی کونسل کا شام میں جمہوریت کا مطالبہ
نیویارک(این این آئی )عالمی سلامتی کونسل نے ایک ایسے سیاسی کارروائی پر عمل درآمد پر زور دیا ہے جو تمام شامیوں کی امنگوں کے مطابق ہو۔ یہ موقف معزول صدر بشار الاسد کے فرار ہونے کے بعد سامنے آیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ بات ایک بیان میں کہی گئی جو سلامتی کونسل کے تمام پندرہ ارکان کی جانب سے متفقہ طور پر جاری کیا گیا۔ ان ارکان میں بشار الاسد کا اتحادی روس بھی شامل ہے۔بیان میں سلامتی کونسل نے کہا کہ یہ سیاسی عمل تمام شامیوں کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہیے جو تمام لوگوں کو تحفظ فراہم کرے اور انھیں با اختیار بنائے کہ وہ پر امن، آزاد اور جمہوری طریقے سے اپنے مستقبل کا تعین کریں۔سلامتی کونسل کے رکن ممالک نے بیان میں زور دیا کہ وہ شام کی خود مختاری، آزادی، یکجہتی اور سرزمین کی سلامتی پر سختی سے کاربند ہیں۔ بیان میں تمام ممالک پر زور دیا گیا کہ وہ ان بنیادی اصولوں کا احترام کریں۔سلامتی کونسل نے شام اور اس کے پڑوسی ممالک کو باور کرایا کہ وہ ایسے کسی بھی عمل یا مداخلت سے گریز کریں جس سے ایک دوسرے کا امن برباد ہو۔


