آئی سی سی کا چیمپئنز ٹرافی سمیت 2027 تک پاک بھارت میچز ہائبرڈ ماڈل پر کرانے کا اعلان

دبئی(این این آئی)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی 2025 سے 2027 تک تمام ایونٹ ہائبرڈ ماڈل کے تحت کرانے کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2028 کا ویمنز ٹی20 ورلڈکپ بھی ہائبرڈ ماڈل کے تحت پاکستان میں ہوگا۔کھیلوں کی ویب سائٹ ’کرک انفو‘ کی رپورٹ کے مطابق آئی سی سی کو آخر کار چیمپئز ٹرافی 2025 کے حوالے سے اہم کامیابی حاصل ہوگئی اور یہ ٹورنامنٹ ہائبرڈ ماڈل کے تحت کھیلا جائے گا جس پر اتفاق رائے ہوگیا ہے۔رپورٹ کے مطابق اس ماڈل کے تحت 8 ٹیموں کے ٹورنامنٹ میں صرف بھارت کے میچز پاکستان کے علاوہ کسی دوسرے مقام پر کھیلے جائیں گے۔رپورٹ کے مطابق 2027 تک کے تمام آئی سی سی ایونٹس ہائبرڈ ماڈل کے تحت ہی کھیلیں جائیں گے اور اس دوران پاکستان بھی بھارت کا دورہ نہیں کرے گا اور بھارتی کی میزبانی میں ہونے والے تمام ایونٹس میں پاکستان کے میچز بھی نیوٹرل وینیو پر کھیلے جائیں گے۔معاہدے کے مطابق 2024-2027 کے دوران پاکستان میں میزبانی میں ہونے والے ایونٹ میں بھارت کے تمام میچز نیوٹرل مقام پر کھیلے جائیں گے اور اس کے بدلے میں بھارت کی میزبانی میں ہونے والے ایونٹ میں پاکستان سے متعلق تمام میچز نیوٹرل مقام پر کھیلے جائیں گے۔اس معاہدے کا اطلاق پاکستان میں 2025 میں ہونے والی مینز چیمپئنز ٹرافی، 2025 میں بھارت میں ہونے والے ویمنز ون ڈے ورلڈکپ اور 2026 میں بھارت اور سری لنکا میں ہونے والے مینز ٹی20 ورلڈ کپ پر ہوگا۔دوسری جانب آئی سی سی نے اس معاملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ 2028 کے ویمنز ٹی20 ورلڈکپ کی میزبانی بھی پاکستان کو مل گئی ہے اور یہ ٹورنامنٹ بھی ہائبرڈ ماڈل کے تحت ہی کھیلا جائے گا۔معاہدے میں یہ بھی طے کیا گیا ہے کہ نیوٹرل مقام کی تجویز بھی اس ایونٹ کے میزبان ملک کی جانب سے دی جائے گی تاہم اسے آئی سی سی کی منظوری درکار ہوگی۔آئی سی سی نے کہا کہ اسے بھارت، پاکستان اور ایک تیسرے ایشیائی رکن ملک یا (ایک ایسوسی ایٹ ایشیائی ملک) کو شامل کرکے کسی نیوٹرل مقام پر سہ فریقی یا چار ملکی ٹورنامنٹ کے انعقاد پر بھی کوئی اعتراض نہیں ہے۔یاد رہے کہ اس طرح کی سہ ملکی سیریز کا خیال اگلے سال چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کے میچوں کی میزبانی سے محروم ہونے کی صورت میں ہونے والے نقصان کو ریکور کرنے کے لیے سامنے آیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں