ایران کا امریکا میں دو شہریوں کی گرفتاری پر احتجاج
تہران(این این آئی)ایران نے دو ایرانی شہریوں کی امریکہ کے ہاتھوں گرفتاری پر تہران میں سوئس سفیر جو ملک میں امریکی مفادات کی نمائندگی کرتے ہیں اور ایک سینئر اطالوی سفارت کار کو طلب کیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی استغاثہ نے دونوں ایرانی افراد پر ایران کو غیر قانونی طور پر حساس ٹیکنالوجی برآمد کرنے کا الزام عائد کیا تھا جو ان کے مطابق جنوری میں اردن میں ہونے والے ڈرون حملے میں استعمال ہوئی تھی جس میں تین امریکی فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔ امریکہ نے اس حملے کا الزام ایران کے حمایت یافتہ مزاحمت کاروں پر عائد کیا۔ ایران نے اس وقت کہا تھا کہ وہ اس میں ملوث نہیں تھا۔بوسٹن میں وفاقی استغاثہ نے ان افراد کی شناخت ایران میں مقیم ایک کمپنی کے شریک بانی محمد عابدینی اور میساچوسٹس میں قائم سیمی کنڈکٹر بنانے والی کمپنی اینالاگ ڈیوائسز کے ملازم مہدی صدیقی کے طور پر کی ہے۔سوئٹزرلینڈ اور ایران دونوں ممالک کے رہائشی عابدینی کو امریکی حکومت کی درخواست پر اٹلی میں گرفتار کیا گیا تھا۔ ایرانی نژاد امریکی شہری صدیقی میساچوسٹس کے ناٹک میں رہتے ہیں۔