جمعیت کے امیدوارسیاست کیلئے اسلام کا نام استعمال کر رہے ہیں 6 کلمے سنا دیں ہم انہیں مان جائیں گے، علی مدد جتک
کوئٹہ (این این آئی ) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما ء اور حلقہ پی بی 45کوئٹہ سے امیدوار علی مدد جتک نے کہا ہے کہ قوم اور مذہب پرستی کی سیاست نے بلوچستان کے نوجوانوں کو نفرت، بے روزگاری ، بد امنی کے علاوہ کچھ نہیں دیا، چار چار جماعتیں بدلنے والا شخص اب پانچویں جماعت میں جانے کی تیار ی کر رہا ہے ، جو شخص کونسلر کی نشست نہیں جیت سکتا وہ پیپلز پارٹی کے جیالوں کا کیسے مقابلہ کریگا ، 5جنوری کو شہید ذوالفقار علی بھٹو اور حلقہ پی بی 45میں جیت کا جشن ایک ساتھ منائیں گے ۔یہ بات انہوں نے اتوار کو میر ممتاز بنگلزئی، میر فضل مینگل کی اپنے ساتھیوں سمیت پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر سردار بہرام خلجی، میر ولی محمد قلندرانی، چوہدری شان سلامت، ساجدہ بنگلزئی سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ حاجی علی مد د جتک نے کہا کہ حلقہ پی بی 45میں مذہبی جماعت کے لوگ مذہب کو سیاست کے لئے استعمال کر رہے ہیں وہ لوگ جو مساجد میں کھڑے ہو کر جھوٹ بول رہے ہیں کہ انہیں ہرایا گیا کہ وہ بتائیں کہ انہوں نے 1993،2002، 2008، 2013 میں کتنے ووٹ لئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام کے امیدوار اسلام کا نام استعمال کر رہے ہیں وہ 6کلمے سنا دیں ہم انہیں مان جائیں گے جو لوگ سیاست کی بنیادوں کو نہیں سمجھتے وہ ہمیں بتا رہے ہیں کہ سیاست کیسے ہوتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مخالفین کو 5جنوری کو خوش خبری ملے گی ۔انہوں نے کہا کہ جہاں بھی قوم اور مذہب پرست جاتے ہیں ترقی میں رکاوٹ ڈالتے ہیں سریاب کے عوام نے پہلے بھی ترقی پسندی کے نام پر پیپلز پارٹی کو ووٹ دیا اور 5جنوری کو بھی پیپلز پارٹی کو ووٹ دیکر کامیاب بنائیں گے ۔