صحبت پور، زمین کے تنازعے پر فائرنگ، تین افراد جاں بحق، پانچ زخمی

ڈیرہ اللہ یار(یو این اے)صحبت پور سال نو کے پہلے دن زمین کا تنازع تین قیمتی انسانی جانیں کھا گیا، زمینداروں کی لڑائی میں تین بزگر زندگیاں گنوا بیٹھے، پانچ افراد زخمی ہوگئے، تفصیلات کے مطابق صحبت پور کے علاقے کھالانی میں زرعی زمین کے تنازع پر کھوسہ قبیلے کے دو طائفوں چھٹانی اور مانجھانی کے مابین لڑائی ہوگئی، فریقین کے مسلح افراد نے مورچہ زن ہو کر ایک دوسرے پر جدید اور خودکار اسلحہ سے فائرنگ کردی جسکے باعث علاقہ جنگ کا میدان بن گیا، پولیس کے مطابق دو طرفہ فائرنگ کے دوران گولیاں لگنے سے مانجھانی گروپ کے تین بزگر منظور حسین، حق نواز اور غلام حسین جنکا تعلق لاشاری قبیلے سے بتایا جا رہا ہے جاں بحق ہوگئے جبکہ موج الدین اور عبدالمجید کھوسہ سمیت پانچ افراد زخمی ہوگئے، فریقین کے مابین کئی گھنٹوں تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی صحبت پور محمد یوسف بھنگر نے بھاری نفری کے ہمراہ جائے وقوع پہنچ کر فائربندی کرائی اور لاشیں تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کے لیے سول اسپتال منتقل کر دی ہیں، جبکہ زخمیوں کو اسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔