جو کہے ملک کو آگ لگا دو اس کے بہکاوے میں نہ آنا، کسی کا ایندھن نہ بننا اور کبھی بھی ملک کے خلاف جانا نہیں جانا، مریم نواز کی طلبہ کو نصیحت

لاہور(مانیٹر نگ ڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے طلبہ کو نصیحت کرتے ہوئے کہا ہے جو کہے ملک کو آگ لگا دو اس کے بہکاوے میں نہ آنا، کسی کا ایندھن نہ بننا اور کبھی بھی ملک کے خلاف جانا نہیں ۔پنجاب کے شہر ملتان میں بہاالدین ذکریا یونیورسٹی میں وظائف تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چاہتی ہوں طلبا کو اے آئی، روبوٹک، سائنس و ٹیکنالوجی کی تعلیم دی جائے، ہونہار اسکالرشپس لینے والے تمام طلبہ، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد دیتی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر آپ کچھ جو کچھ کرسکتے ہیں ان بچوں کے لیے وہ کرتے رہیں، ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) اور آپ کی بہت مشکور ہیں۔طلبا کو مخاطب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مجھے ادراک ہے کہ والدین نے کس مشکل سے گذر کر آپ سب کو یہاں پہنچایا ہے، آج میں بطور وزیراعلیٰ کے بات نہیں کررہی بلکہ وزیراعلیٰ ہونے کے ساتھ ساتھ آپ سب کی ماں کے طور پر آپ سے بات کررہی ہوں۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ تمام طلبا کے لیے آج میں بہت خوش ہوں، انہیں میرا شکریہ ادا کرنے کی بالکل ضرورت نہیں ہے کیونکہ آپ سب نے اپنی محنت سے سب حاصل کیا، طالبعلموں کو سر اٹھا کر ان اسکالرشپس لینی چاہیں کیونکہ یہ آپ کی محنت کا ثمر ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ یہ میرا نہیں بلکہ طالبعلموں اور پنجاب کی عوام کا پیسہ ہے۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ پچھلے 76 سال میں بھی یہ پیسہ آپ کا تھا لیکن یہ آپ کو کیوں نہیں ملا؟ تقریب میں موجود کوئی طالبعلم یہ نہیں کہہ سکتا کہ اسے اسکالرشپس میرٹ کو پرے رکھ کر ملی ہیں، اسکالرشپس 100 فیصد میرٹ پر دی جارہی ہیں۔مریم نواز نے کہا کہ جن کے گھروں کی ماہانہ آمدن 3 لاکھ روپے سے کم ہے ان کے لیے بچوں کی پڑھائی کے خرچے برداشت کرنا آسان کام نہیں ہے، تمام 30 ہزار اسکالرشپس 100 فیصد میرٹ پر دی ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ طلبا کو ان کی تعلیمی قابلیت کی بنیاد پر اسکالرشپس دی گئی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اس سال 30 ہزار بچوں کو اسکالرشپس دی جارہی ہیں اور میری کوشش ہے آئندہ سال 50 ہزار طلبا کو وظائف دوں، مستقبل میں بین الاقوامی اسکالرشپس دینے کے حوالے سے بھی کام کیا جارہا ہے۔مریم نواز نے کہا کہ طلبا کے لیے لیپ ٹاپ اسکیم آچکی ہے، مجھے اس بات کی بھی خوشی ہے کہ 60 فیصد اسکالرشپس لڑکیوں نے حاصل کی ہیں، اگر کسی بھی طالبعلم کا نجی یا سرکاری ادارے میں داخلہ ہوجاتا ہے تو اس کی مکمل فیس کی ذمہ داری میری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ 30 ہزار الیکٹرک بائیکس دینے کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے، تمام بائیکس طالب علموں کو دی گئی ہیں، میری پوری کوشش ہے کہ اس اقدام سے ماحول کو تحفظ فراہم کیا جائے، نہیں چاہتی کہ پنجاب کے لوگ آلودہ فضا میں سانس لیں، ماحول کا تحفظ ہم سب کی قومی اور سماجی ذمہ داری ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ بائیک کی کمپنیوں سے بات چیت چل رہی ہے، بہت جلد چینی کمپنی پنجاب میں ای بائیکس کا مینوفیکچرنگ یونٹ لگائے گی، ان کا مزید کہنا تھا کہ اگلے سال طلبا کو ایک لاکھ بائیکس مفت ملیں گی۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ طلبہ کے لیے قرض اسکیم متعارف کروائی جائی گی جس میں 3 کروڑ روپے تک کا قرض فراہم کیا جائے گا تاکہ طالب علم اپنے کاروبار اور اسٹارٹ اپس بنائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں