کانگریس رکن کا ٹرمپ سے افغان عبوری حکومت کی مالی امداد روکنے کا مطالبہ
واشنگٹن(آئی این پی ) امریکی کانگریس کے رکن ٹم برشیٹ نے نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو افغان طالبان کی مالی امداد روکنے کا مطالبہ کردیا ہے ۔غیرملکی خبررساںادارے کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کو لکھے گئے خط میں امریکی کانگریس کے رکن ٹم برشیٹ نے غیرملکی امدادکو دہشتگردوں کی مالی معاونت کے ساتھ تشبیہ دی اور افغانستان کے مرکزی بینک کو بھیجی جانے والی رقم کی ترسیل کے بارے میں خطرہ ظاہرکیا ہے۔ٹم برشیٹ نے اپنے خط میں لکھا کہ بائیڈن انتظامیہ کے تحت امریکی غیر ملکی امداد بالواسطہ طور پر طالبان کی مالی معاونت کررہی تھی، طالبان کو فنڈز فراہم کرنے سے دنیا بھر میں دہشتگردی کی مالی معاونت کا منصوبہ بنایا جارہا ہے لہذا امریکا کو بیرون ملک اپنے دشمنوں کی مالی امداد نہیں کرنی چاہیے اس لیے طالبان کودی جانے والی امریکی غیر ملکی امداد کو روک دیں۔دوسری جانب امریکی رکن کانگریس ٹم برشیٹ کا خط سامنے آنے کے بعد ایلون مسک نے بھی سوال اٹھادیا ہے۔