مکران کوسٹل ہائی وے پر گیس سے بھرا بوزر حادثے کا شکار، لیکج کے باعث ٹریفک معطل

اورماڑاہ(یو این اے )مکران کوسٹل ہائی وے پر بڑی ٹاپ کے قریب گوادر سے کراچی جانے والا لیکویفائیڈ پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) سے بھرا بوزر نمبر TMF-181 حادثے کا شکار ہو گیا۔ حادثہ بوزر کی پن ٹوٹنے کی وجہ سے پیش آیا تھا جس سے بوزر کا پچھلا حصہ الگ ہو کر روڈ کنارے گر گیا جبکہ آگے کا حصہ روڈ پر سیدھا کھڑا رہا۔ حادثے میں ضلع رحیم یار خان سے تعلق رکھنے والے منظور احمد نامی ڈرائیور اور کلینر معجزانہ طور پر محفوظ رہے جبکہ حادثے کی وجہ سے مذکورہ بوزر سے گیس کی شدید لیکیج کے سبب کوسٹل ہائی وے پولیس نے ممکنہ سانحے کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کے تحت سندھ مکران آنے جانے والی ٹریفک کو روک دیا۔ کوسٹل ہائی وے پولیس زون ون کے ایس پی محمد اسلم بنگلزئی نے کہا ہے کہ گیس لیکیج کے باعث علاقے میں کسی بڑے سانحے کے خطرے کے پیش نظر ٹریفک کو قریبی مقامات پر روکا گیا ہے اور مسافروں کو متبادل راستے استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ایس پی کوسٹل ہائی وے پولیس زون ون کی جانب سے عوام سے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے کی بھی درخواست کی گئی ہے تاکہ کسی بڑے حادثے سے بچا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں