ہم چینی سرمایہ کاروں کو بلوچستان میں قیمتی معدنیات اور سیاحت کے مواقع تلاش کرنے کی دعوت دیتے ہیں،گورنر بلوچستان
کرا چی ( آئی این پی ) گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ پاکستان اور چین خطے استحکام اور سلامتی کو مضبوط بنانے کیلئے پرعزم ہیں اور ان کی دیرینہ دوستی پورے خطے میں امن کو برقرار رکھنے کیلئے اہم ہے۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) ہمارے تعاون کی ایک روشن مثال ہے جو پاکستان اور بلوچستان کو تمام معاشی و تجارتی سرگرمیوں کا ایک اہم مرکز بنا کر معاشی خوشحالی و ترقی لا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج صوبہ سندھ کے صوبائی دارالحکومت کراچی میں تعینات چائنیز قونصل جنرل (Mr Yang Yundong) سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا. ملاقات کے دوران سینٹر جام کرم علی، رکن صوبائی اسمبلی زرک خان مندوخیل، شہریار مندوخیل، ولی خان مندوخیل، پرنس جام علی اور کمال ناصر بھی موجود تھے. اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ ہمارا صوبہ میگا پروجیکٹ سی پیک کے ثمرات سے مستفید ہو رہا ہے. ہم نے حالیہ برسوں میں بہت سے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کے ساتھ اہم پیش رفت کی ہے بشمول وسیع شاہراہیں، گوادر ایرپورٹ اور انرجی کے بحران پر قابو پانے کے اقدامات، ہمارے مکمل اقتصادی منظرنامے کو تبدیل کر رہے ہیں لیکن ابھی بھی بہت کام کرنا باقی ہے۔ گورنر بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان میں سرمایہ کاری کے مواقع دستیاب ہیں. ہم چینی سرمایہ کاروں اور کاروباری اداروں کو بلوچستان میں قیمتی معدنیات اور توانائی سے لیکر زراعت اور سیاحت تک کے وسیع مواقع تلاش کرنے کی دعوت دیتے ہیں۔ گورنر مندوخیل نے کہا کہ عوام سے عوام کے تعلقات کو گہرا کرنا بھی وقت کی اہم ضرورت ہے. جیسا کہ ہم اپنے اقتصادی تعلقات کو مضبوط کرتے ہیں، ہمیں اپنے عوام سے عوام کے روابط کو بھی فروغ دینا ہوگا۔ دونوں ممالک اپنی دوستی کو مزید مضبوط بنانے کیلئے تعاون کے نئے شعبوں بشمول سائنس، ٹیکنالوجی اور سائنسی تعلیم کے نئے ذرائع تلاش کرنے کیلئے پرعزم ہیں.گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے قبل ازیں چینی قونصل خانہ میں پرتپاک استقبال اور ان کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام کرنے پر چینی قونصل کی پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔