ریکوڈک مائننگ کمپنی کے زیر اہتمام نوکنڈی اسپورٹس فیسٹیول اختتام پذیر

نوکنڈی(اسٹاف رپورٹر) ریکودک مائننگ کمپنی (آر ڈی ایم سی) کے تعاون سے منعقدہ نوکنڈی اسپورٹس فیسٹیول 2025 ایک شاندار تقریب کے ساتھ خان محمد عمر خان سنجرانی فٹبال اسٹیڈیم نوکنڈی میں اختتام پذیر ہوگیا۔ انیس روز تک جاری رہنے والے اس فیسٹیول میں رخشان ڈویژن کے چاروں اضلاع کے کھلاڑیوں نے شرکت کی اور فٹبال، کرکٹ، والی بال، تائیکوانڈو، بیڈمنٹن، اور ٹیبل ٹینس سمیت آٹھ مختلف کھیلوں میں اپنی مہارت کا مظاہرہ کیا۔ فیسٹیول کے دوران مقامی سطح پر کھیلوں کے بہترین ٹیلنٹ کو اجاگر کیا گیا۔اختتامی تقریب میں قبائلی اور سیاسی رہنماؤں سمیت نوجوانوں نے شرکت کی جن میں مہمانِ خصوصی خان محمد آصف خان سنجرانی بھی شامل تھے، جنہوں نے فیسٹیول کے انعقاد میں آر ڈی ایم سی کے کردار کو سراہا۔ اس موقع پر سی ڈی سی کے چیئرمین ملک محمد اعظم محمدزئی، سی ڈی سی ممبران سردار شوکت ایجباڑی، رضا علی سنجرانی سمیت چیئرمین تاج کبدانی، حاجی امان اللہ مینگل، ماسٹر رضا ایجباڑی، حاجی عبدالسلام کشانی، ملک محمد ساسولی، انور جان ایجباڑی، ڈی ایف اے کے صدر حاجی عبدالرؤف نوتیزئی اور جنرل سیکرٹری حاجی عبدالباری نوتیزئی بھی موجود تھے۔فیسٹیول کا سب سے دلچسپ مقابلہ فٹ بال کا فائنل میچ تھا جس میں آر ڈی ایم سی فٹبال کلب نوکنڈی نے بلوچ کلب خاران کو ایک سنسنی خیز مقابلے میں 4-2 سے پنالٹی شوٹ آؤٹ میں شکست دی۔ مقررہ وقت میں کوئی بھی ٹیم گول نہ کرسکی جس کے بعد فیصلہ پنالٹی ککس پر ہوا اور آر ڈی ایم سی فٹبال کلب نوکنڈی نے شاندار کامیابی حاصل کی۔ جیت کے بعد آر ڈی ایم سی ٹیم کے حامیوں نے خوشی میں ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا اور بھرپور جشن منایا۔آر ڈی ایم سی کے کمیونٹی ریلیشنز مینیجر علی دوست یلانزئی نے فیسٹیول کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا "ہم نوجوان کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے پر فخر محسوس کرتے ہیں۔ اس فیسٹیول میں نظر آنے والا جوش و جذبہ اور ٹیلنٹ ہمارے کمیونٹی ایمپاورمنٹ کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔”نوکنڈی اسپورٹس فیسٹیول 2025 میں نوجوانوں کی بھرپور شرکت ہوئی جس نے اسپورٹس مین اسپرٹ اور کمیونٹی کے درمیان ہم آہنگی کو اجاگر کیا۔ آر ڈی ایم سی مقامی نوجوانوں کی ترقی کے لیے اسکلز ڈویلپمنٹ، تربیت اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ فیسٹیول کے اختتام پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے گئے اور ان کی حوصلہ افزائی کی گئی