چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ آفاق احمد کو سینٹرل جیل کراچی سے رہا کر دیا گیا

ویب ڈیسک:چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ آفاق احمد کو سینٹرل جیل کراچی سے رہا کر دیا گیا آفاق احمد نے وکٹری کا نشان بنا کر کارکنان کو جواب دیا، جیل کے باہر آفاق احمد پر پھول نچھاور کئے گئے۔قل ازیں، کراچی کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج غربی نے سرجانی ٹاؤن میں ٹینکر جلانے کے کیس میں مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد کی درخواست ضمانت منظور کرلی تھی۔آفاق احمد کے خلاف ٹینکر جلانے سے متعلق تیسرے مقدمے کی سماعت ہوئی، عدالت نے سرجانی ٹاؤن میں درج مقدمے میں آفاق احمد کی ضمانت منظور کرتے ہوئے ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔واضح رہے کہ 21 فروری کو مہاجر قومی موومنٹ کے سربراہ آفاق احمد کو 2 مقدمات میں ضمانت کے بعد تیسرے مقدمے میں گرفتار کرلیا گیا تھا۔ کراچی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں لانڈھی اور کورنگی میں ٹرک نذر آتش کرنے کے مقدمات کی سماعت ہوئی تھی۔عدالت نے آفاق احمد کو ایک ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا تھا، پولیس نے ڈمپرز نذر آتش کرنے کے مقدمات میں آفاق احمد کو گرفتار کیا تھا۔پولیس کے مطابق آفاق احمد کے خلاف لانڈھی اور عوامی کالونی تھانے میں 2 مقدمات درج ہیں، ادھر دو مقدمات میں ضمانت کے بعد سرجانی ٹاون پولیس نے کراچی سینٹرل جیل سے آفاق احمد کو دوبارہ گرفتار کرلیا تھا، سرجانی ٹاون میں نامعلوم افرادکے خلاف گاڑی جلانےکا مقدمہ درج تھا۔