اسکول داخلہ مہم کا مقصد تعلیمی پسماندگی کا خاتمہ اور زیادہ سے زیادہ بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنا ہے، بی ایس او پجار

کوئٹہ (پ ر) بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن (پجار) کے صوبائی سیکرٹری جنرل شےمرید رشید بلوچ کی سربراہی میں تنظیم کی مرکزی کال پر نئے تعلیمی سال کے آغاز کے موقع پر ”اسکول داخلہ مہم“ کے سلسلے میں کوئٹہ شہر بھر میں آگاہی پمفلٹس تقسیم کیے گئے۔ اس مہم کا مقصد بلوچ قوم کو تعلیمی پسماندگی سے نکال کر علم و شعور کی راہ پر گامزن کرنا اور زیادہ سے زیادہ بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا ہے۔ بی ایس او (پجار) کا وژن ہے کہ ہر بچے اور بچی کے ہاتھ میں کاغذ اور قلم ہو اور کوئی بھی بچہ تعلیم کے بنیادی حق سے محروم نہ رہے۔ اسی مقصد کے تحت تنظیم کے کارکنان نے شہر کے مختلف علاقوں، بازاروں، دکانوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد تک تنظیم کا پیغام پہنچاتے ہوئے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے پانچ سالہ بچوں اور بچیوں کو قریبی سرکاری اسکولوں میں داخل کروائیں تاکہ ایک باشعور اور تعلیم یافتہ معاشرے کی بنیاد رکھی جا سکے۔ اس موقع پر اسکول داخلہ مہم کے پمفلٹس نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر، سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان اور رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کو بھی پیش کیے گئے۔ جبکہ اس موقع پر نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل میر کبیر محمد شہی، رکن قومی اسمبلی میر پلین بلوچ اور دیگر رہنما بھی موجود تھے، جنہوں نے بی ایس او (پجار) کی اس تعلیمی مہم کو سراہتے ہوئے اسے بلوچ معاشرے میں تعلیم کے فروغ کے لیے ایک مثبت اور قابلِ تحسین قدم قرار دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں