ہزار گنجی میں ہزارہ برادری کے دکاندار کا قتل،واقعہ حکومت اور سیکورٹی اداروں کی ناکامی ہے، ایچ ڈی پی
کوئٹہ میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کردیا۔ پولیس کے مطابق ہفتہ کو کوئٹہ کے علاقے ہزار گنجی میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص جان علی ولد جمعہ خان کو قتل کردیااورموقع سے فرار ہوگئے۔ پولیس نے نعش قبضے میں لیکرہسپتال پہنچاکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاءکے حوالے کردی اور مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔
دوسری جانب ہزارہ ڈیمو کریٹک پارٹی کے مرکزی بیان میں ہزار گنجی اڈہ میں مزدور ہزارہ دکاندار جان علی کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ بے گناہ نہتے مزدور کا قتل حکومت اور سیکورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ فارم 47 کی حکومت کو قیام امن سے کوئی سروکار نہیں، حکومتی رٹ کہیں نظر نہیں آرہی۔ عوام کو دہشت گردوں کے رحم وکرم پر چوڑ دیا گیا ہے۔ بیان میں حکومت اور سیکورٹی اداروں سے جان علی کے قتل کا معمہ اور محرکات سامنے لانے اور قاتلوں کو فی الفور کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔


