کوئی عذر قبول نہیں،مقررہ مدت میں تمام ترقیاتی منصوبے ہر صورت مکمل کیے جائیں گے، سرفراز بگٹی
کوئٹہ (آن لائن) وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت منگل کو چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (PSDP) کی پیش رفت کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی رفتار اور معیار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں صوبائی وزرا میر محمد صادق عمرانی، میر شعیب نوشیروانی، اور سردار کوہیار خان ڈومکی کے علاوہ چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، پرنسپل سیکرٹری بابر خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات و منصوبہ بندی حافظ عبدالباسط، اور دیگر تمام محکموں کے سیکرٹریز شریک ہوئے محکمہ ترقیات و منصوبہ بندی کی جانب سے اجلاس کو رواں مالی سال کے نئے اور جاری ترقیاتی منصوبوں کی فزیکل اور فنانشل پروگریس پر بریفنگ دی گئی وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بعض محکموں کی جانب سے ترقیاتی منصوبوں میں سست روی اور غیر ذمہ داری پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر عوامی اعتماد کو مجروح کرتی ہے اور ایسی روش کسی صورت قبول نہیں انہوں نے کہا ہم نے عام شخص کی مشکلات کو بتدریج کم کرنے کا عزم کیا ہے مفاد عامہ کے منصوبوں میں سست روی برداشت نہیں کی جائے گی یہ بات قابل حیرت ہے کہ کچھ محکمے 9 ماہ میں ایک پائی تک خرچ نہیں کر پائے وزیراعلی نے واضح کیا کہ مفاد عامہ کے منصوبوں کی بروقت تکمیل ان کی حکومت کی اولین ترجیح ہے انہوں نے ہدایت کی کہ تمام افسران حکومتی وژن پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق ہدایات کو پوری ذمہ داری کے ساتھ نبھائیں وزیراعلی نے کہا کہ عملی کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام افسران کی اے سی آر وہ خود لکھیں گے انہوں نے کہا کوئی شک نہیں کہ افسران باصلاحیت ہیں لیکن مسئلہ عزم اور کمٹمنٹ کا ہے عوامی مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا مقررہ مدت میں تمام منصوبے ہر صورت مکمل کیے جائیں گے اس ضمن میں کوئی عذر قبول نہیں کیا جائے گا وزیراعلی نے اس بات پر زور دیا کہ بلوچستان کی تاریخ میں پہلی بار 80 فیصد منظور شدہ اسکیموں کو بجٹ کا حصہ بنایا گیا ہے، اور حکومت نے عزم کیا ہے کہ بلوچستان کے وسائل کو عام آدمی کی فلاح و بہبود کے لیے استعمال کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ عوام کو حکومتی منصوبوں سے آگاہ کیا جائے اور ان منصوبوں سے مستفید ہونے والے افراد کی رائے لی جائے تاکہ حکومتی اقدامات کا ہر فرد کو علم ہو وزیراعلی نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی ترویج اور آگاہی سے بلوچستان میں غیر متوازن ترقی کے منفی پروپیگنڈے کا تاثر ختم ہوگا انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ عوامی فلاح و بہبود کے لیے بنائے گئے منصوبوں پر بھرپور عمل درآمد یقینی بنائیں اور عوام کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں وزیراعلی میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ہم نے پختہ عزم کیا ہے کہ بلوچستان کے وسائل کو عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کریں گے ترقیاتی منصوبوں کے معیار اور وقت کے لیے واضح پالیسی دی جا چکی ہے، اور اس پر ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے اجلاس کے اختتام پر وزیراعلی نے کہا کہ عوامی خدمت کے لیے کمٹمنٹ اور عزم کی ضرورت ہے اور یہی وقت ہے کہ افسران اپنی صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ کریں۔