گرینڈ ہیلتھ الائینس کے تمام مطالبات کو تسلیم کرکے گرفتار ڈاکٹرز کو رہا کیا جائے،پشتونخوا نیپ
کوئٹہ(یو این اے )پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی سیکریٹریٹ کے پریس ریلیز میں گرینڈ ہیلتھ الائینس کے چیئرمین ڈاکٹر بہار شاہ اور ڈاکٹر حفیظ مندوخیل کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ گرینڈ ہیلتھ الائینس کے تمام مطالبات کو فی الفور تسلیم کرکے گرفتار ڈاکٹرز کو رہا کیا جائے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ فارم 47 کی حکومت ہر لحاظ سے بدترین ثابت ہورہی ہے صحت ،تعلیم اور دیگر تمام شعبے تباہ ہوگئے ہیں جبکہ دوسری جانب عوام جان ومال کے تحفظ کے سنگین مسئلے سے دوچار ہے اور ڈاکٹرز و پیرامیڈیکس کے جائز مطالبات تسلیم کرنے کی بجائے ڈاکٹرز کو گرفتار کررہے ہیں جس کا مطلب ہے کہ حکومت صحت جیسی اہم شعبے کو نظر انداز کررہی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹرز مسیحا ہوتے ہیں جو بیمار انسانوں کا علاج کررہے ہیں مگر حکومت انہیں قید خانوں میں بند کرکے عوام دشمنی کررہی ہے لہذا حکومت بلا تاخیر ایف آئی آر واپس لے کر ڈاکٹرز کو رہا کریں اور ان کے مطالبات تسلیم کریں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں کو پبلک پرائیویٹ نظام کے تحت چلانے کی پالیسی درحقیقت غریب عوام کے جیبوں پر ڈاکہ ڈالنا ہے جو کسی بھی صورت قابل قبول نہیں جبکہ صوبے کے تمام سیاسی پارٹیوں نے ان سفارشات کو مستردکیا ہیاور حکومت کا فرض ہے کہ وہ سرکاری ہسپتالوں کو فعال کرکے تمام غریب عوام کو علاج معالجہ کی مفت سہولتیں فراہم کریں۔