فائنل،پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 243 رنز کا ہدف دے دیا

تین ملکی سیریز کے فائنل میچ میں پاکستان نے حریف ٹیم نیوزی لینڈ کو 243 رنز کا ہدف دیا ہے، گرین شرٹس 49 اعشاریہ 3 اوورز میں 242 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ ایرینا میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
پاکستان کی طرف سے کپتان محمد رضوان 46، سلمان علی آغا 45، طیب طاہر 38، بابر اعظم 29، فہیم اشرف 22 اور نسیم شاہ 19 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے جبکہ دیگر کوئی کھلاڑی خاطر خواہ پرفارمنس نہ دے سکا۔
گزشتہ میچ میں 354 رنز کا ہدف حاصل کرنے والی ٹیم پاکستانی ٹیم فائنل میں نیوزی لینڈ کو بڑا ہدف دینے میں ناکام ثابت ہوئی۔
نیوزی لینڈ کی طرف سے ول اورورکے نے 4 جبکہ مچل سینٹنر اور مائیکل بریس ویل نے 2، 2 وکٹ اپنے نام کیں۔
اس سے قبل نیشنل بینک کرکٹ ایرینا میں ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ پِچ بیٹنگ کے لیے سازگار لگ رہی ہے اس لیے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
محمد رضوان نے بتایا کہ فائنل میچ کے لیے ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے، محمد حسنین کی جگہ فہیم اشرف کو شامل کیا گیا ہے، آج نیا دن ہے، ٹرافی اپنے نام کریں گے۔
بعد ازاں نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان مچل سینٹنر نے کہا کہ ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی ہیں، میٹ ہنری اور بین سیئرز کی جگہ جیکب ڈفی اور نیتھن اسمتھ کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
مچل سینٹنر نے کہا کہ آج پِچ پر گھاس کم نظر آ رہی ہے، ہائی اسکورنگ میچ ہو گا، وکٹ عمومی طور پر اچھی لگ رہی ہے، اچھی بولنگ کرانے کی کوشش کریں گے۔
فائنل میچ کے لیے فخر زمان، بابر اعظم، سعود شکیل، محمد رضوان، سلمان علی آغا، طیب طاہر، فہیم اشرف، خوشدل شاہ، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور ابرار احمد ٹیم میں شامل ہیں۔
یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم اس ٹورنامنٹ میں اپنے دونوں میچز جیت کر فائنل میں پہنچی ہے، نیوزی لینڈ نے پاکستان اور جنوبی افریقا کو شکست دی تھی جبکہ پاکستان ٹیم اپنا ایک میچ جیت کر فائنل میں پہنچی ہے، قومی ٹیم نے جنوبی افریقا کو شکست دی تھی۔