یوکرین کا روس میں بین الاقوامی پائپ لائن پر حملہ، قازقستان کو تیل کی سپلائی معطل

مانیٹر نگ ڈیسک : یوکرین کے ڈرون طیاروں نے جنوبی روس میں اہم بین الاقوامی پائپ لائن کے پمپنگ اسٹیشن پر حملہ کیا، جس سے قازقستان کو سپلائی معطل ہوگئی۔فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے یف پی‘ کے مطابق کیف نے 3 سال سے جاری تنازع کے دوران روس کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا ہے، اور ان مقامات کو نشانہ بنانے کی کوشش کی ہے، جن کے بارے میں اس کا کہنا ہے کہ ماسکو کی فوج کو ایندھن کی فراہمی یا اس کے حملے میں مدد کے لیے فنڈز فراہم کرتے ہیں۔تازہ ترین حملے میں دھماکا خیز مواد سے بھرے 7 ڈرونز نے ’کیسپین پائپ لائن‘ کنسورشیم کے پمپنگ اسٹیشن کو نشانہ بنایا، جو قازقستان کے تیل کو بحیرہ اسود کے ذریعے مغربی یورپ سمیت جنوبی روس میں برآمد کرتا ہے۔اس حوالے سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ٹینگیز۔ نووروسک پائپ لائن سسٹم کے ذریعے تیل کی نقل و حمل کم پمپنگ کے طریقہ کار کے تحت کی جاتی ہے۔‘1500 کلومیٹر طویل پائپ لائن ایک کنسورشیم کی ملکیت ہے، جس میں روسی اور قازقستان کی حکومتوں کے ساتھ ساتھ مغربی توانائی کی بڑی کمپنیوں شیورون، ایگزون موبل اور شیل کے حصص ہیں۔کمپنی کا کہنا ہے کہ 2024 میں اس نے جنوبی روسی بندرگاہ نووروسک کے ایک ٹرمینل پر ٹینکروں پر 6 کروڑ 30 لاکھ ٹن سے زیادہ تیل لوڈ کیا تھا۔کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ حملہ کروپوٹکنزکایا پمپنگ اسٹیشن پر کیا گیا، جو روس کے جنوبی کراسنودار خطے میں واقع پائپ لائن کا سب سے بڑا اسٹیشن ہے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ حملے میں کوئی کوئی زخمی نہیں ہوا، اور عملے نے حملے کو روک دیا، جس کی وجہ سے تیل کا اخراج ہوا۔ماسکو اور کیف دونوں نے رات بھر ایک دوسرے پر بڑے پیمانے پر ڈرون حملے کیے، چند روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دونوں ممالک کے رہنماؤں پر جنگ بندی کے لیے دباؤ ڈالا تھا۔یوکرین کی فضائیہ کا کہنا ہے کہ اس نے روس کی جانب سے رات بھر داغے گئے 147 ڈرونز میں سے 83 کو مار گرایا، جب کہ 59 طیارے بغیر کسی نقصان کے ’گم‘ ہو گئے۔روس کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ اس نے یوکرین کے 90 ڈرونز کو روک کر تباہ کر دیا، جن میں سے 24 کراسنودار کے جنوبی علاقے میں ہیں، جہاں کیسپین پائپ لائن کنسورشیم چل رہا ہے۔یوکرین کے گرڈ آپریٹر یوکرنرگو نے اعلان کیا ہے کہ ’توانائی کی تنصیبات پر روسی حملوں کے نتائج کی وجہ سے‘ یوکرین کے کچھ علاقوں میں ہنگامی بندش کا اعلان کیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں