بولیویا میں بس کھائی میں جاگری، حادثے میں 30افراد ہلاک

لاپاز(این این آئی)بولیویا میں بس کھائی میں جاگری جس کے نیتجے میں حادثے میں 30 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے۔بھارتی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے بتایا کہ بس ڈرائیور سفر کے دوران کنٹرول کھو بیٹھا، جس کے باعث بس یوکلا کے قریب ایک چٹان سے تقریبا 800 میٹر نیچے گر گئی۔پولیس کے مطابق حادثہ جنوبی شہر یوکلا میں پیش آیا جبکہ لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ زخمیوں میں سے کئی کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق ہسپتال کے ایک اہلکار نے بتایا کہ حادثے میں کچھ لوگ بری طرح زخمی ہوئے۔ جن میں دس بڑے اور چار بچوں کو ہسپتال لے جایا گیا، اور ان میں سے چند ایک خصوصی نگہداشت کے یونٹ میں زیر علاج ہیں۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ جہاں بس حادثہ پیش آیا وہاں کی سڑک انتہائی خراب تھی۔ پولیس افسر نے بتایا کہ ممکن ہے بس کی رفتار تیز تھی جس کی وجہ سے حادثہ پیش آیا۔حکام کا کہنا تھا کہ بولیویا کی پہاڑی سڑکیں انتہائی خطرناک ہیں۔ گزشتہ ماہ بولیویا کے شہر پوٹوسی کے قریب ایک اور بس کھائی میں جا گری تھی جس میں 19 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں