ریکوڈک مائننگ کمپنی کا نوکنڈی میں ایک اوپن پبلک فورم کا انعقاد

کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) ریکوڈک مائننگ کمپنی (آر ڈی ایم سی) نے نوکنڈی میں ایک اوپن پبلک فورم کا انعقاد کیا جو کہ آر ڈی ایم سی ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ میں منعقد ہوا جو ہنر فاؤنڈیشن کے زیر انتظام ہے۔ اس تقریب میں مختلف مقامی لوگوں بشمول نوجوانوں نے بھرپور شرکت کی۔ نمایاں شرکاء میں حاجی امان اللہ کبدانی، نیشنل پارٹی کے مولابخش عالیزئی، واحد بخش شیرزئی، نظام لاشاری، بابو رزاق ساسولی اور بی این پی کے محمد انور بلوچ سمیت دیگر شامل تھے۔ فورم کے دوران آر ڈی ایم سی کی ٹیم نے شرکاء کو مختلف کمیونٹی ڈویلپمنٹ اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی جس میں خاص طور پر ہنر فاؤنڈیشن کے ساتھ مل کر چلائے جانے والے اسکلز ڈویلپمنٹ پروگرام اور انڈس ہسپتال نیٹ ورک کے تحت قائم ماں اور بچے کے صحت مرکز (Mother & Child Health Center) پر توجہ مرکوز کی گئی۔ پبلک فورم کے دوران آر ڈی ایم سی کے کمیونٹی انگیجمنٹ منیجر علی دوست یلانزئی، کمیونٹی انویسٹمنٹ لیڈ عیسیٰ طاہر سنجرانی، ایچ آر لیڈ عنایت کبدانی، اور کمیونٹی انگیجمنٹ لیڈ نور خان مینگل نے کمیونٹی کے سوالات کے جوابات دیئے۔ ملازمین کی فہرست شائع کرنے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں وضاحت کی گئی کہ آر ڈی ایم سی بین الاقوامی ہیومین ریسورس کی بہترین اصولوں پر عمل پیرا ہے جس کے تحت کسی بھی ملازم کی ذاتی معلومات عوامی طور پر شائع نہیں کی جاسکتی تاکہ ملازمین کی پرائیویسی اور سیفٹی کو یقینی بنایا جاسکے۔ مقامی بھرتیوں کے حوالے سے بتایا گیا کہ جنوری 2025 تک آر ڈی ایم سی کے کل ملازمین کا 78 فیصد کا تعلق بلوچستان سے ہے جن میں سے 50 فیصد سے زیادہ ضلع چاغی سے ہیں اور ان میں زیادہ تعداد نوکنڈی سے تعلق رکھنے والوں کی ہے۔ ہنر فاؤنڈیشن کے پروگرام منیجر قاضی تیمور سنجرانی اور انڈس ہسپتال کے آپریشنز منیجر شیر جان بلوچ نے بھی پریزنٹیشن دی جس میں ان اداروں کی مقامی بھرتیوں اور کمیونٹی میں مثبت کردار پر روشنی ڈالی گئی۔ کمیونٹی کو آگاہ کیا گیا کہ آر ڈی ایم سی کے شراکت دار ادارے ہنر فاؤنڈیشن اور انڈس ہسپتال مقامی بھرتیوں کو ترجیح دیتے ہیں اور ان کے 95 فیصد سے زائد ملازمین کا تعلق بلوچستان سے ہے جن میں اکثریت ضلع چاغی سے ہیں پبلک فورم میں شریک افراد نے آر ڈی ایم سی کی شفافیت اور کمیونٹی انگیجمنٹ کے عزم کو سراہتے ہوئے اوپن فورم کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں