پاک بھارت میچ، پاکستان کاانڈیا کو 242رنز کا ہدف

مانیٹرنگ ڈیسک: چیمپئنز ٹرافی کے پانچویں میچ میں پاکستانی ٹیم 241 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی اور بھارت کو جیت کیلئے 242 رنز کا ہدف دے دیا۔پاکستان نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں بھارت کے خلاف بیٹنگ کرتے ہوئےپاکستان کی جانب سے بابر اعظم اور امام الحق نے اننگ کا آغاز کیا جبکہ بھارت کی جانب سے فاسٹ بولر محمد شامی نے پہلا اوور کرایا۔پاکستانی اوپنرز نے ذمے داری اور محتاط طریقے سے اننگ کا آغاز کیا اور 6 اوورز میں ٹیم کا اسکور 26 رنز تک پہنچایا۔بابر اعظم 26 گیندوں پر 23 رنز بنا کر وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ امام الحق 10 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئے۔ایک موقع پر بابر اعظم نے شاندار کور ڈرائیوز لگانا شروع کیں تو بھارتی کھلاڑیوں میں پریشانی کے آثار نظر آنے لگے لیکن اسی دوران پاکستان کی پہلی وکٹ 8.2 اوورز میں41 رنز پر جبکہ دوسری وکٹ 47 رنز پر گر گئی۔جس کے بعد کپتان محمد رضوان اور سعود شکیل نے 104 رنز کی شراکت داری قائم کی، پاکستان کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کپتان محمد رضوان تھے جو 46 رنز بنا کر اکشر پٹیل کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ ان کی وکٹ کے فوراً بعد سعود شکیل بھی کیچ آؤٹ ہوتے ہوتے بچے، تاہم کچھ ہی دیر بعد وہ بھی 76 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے 62 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، یوں پاکستان کو چوتھا نقصان 159 کے مجموعے پر سعود شکیل کی صورت میں اٹھانا پڑا۔سعود شکیل کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں کا جلد آؤٹ ہونے کا سلسلہ شروع ہوگیا، اور ایک کے بعد دوسرا کھلاڑی پویلین کی طرف جاتا دکھائی دیا، پاکستان کے پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی طیب طاہر تھے 165 کے اسکور پر 6 گیندوں پر 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اس کے بعد 200 کے مجموعے پر پاکستان کے چھٹے کھلاڑی سلمان آغا 19 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں