بی این پی دھرنے پر خودکش حملے سے متعلق چھان بین کررہے ہیں، تحقیقات کے نتائج عوام کے سامنے لائیںگے، ترجمان حکومت بلوچستان

کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان حکومت کے ترجمان شاہد رند نے کہا ہے کہ مستونگ میں بی این پی کا دھرنا جاری تھاجس کے دوران دھرنا گاہ کے نزدیک خودکش حملہ ہوا، دھرنے کے تمام شرکا محفوظ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سردار اختر مینگل، بی این پی کی تمام قیادت محفوظ ہے ،گزشتہ رات سے بی این پی کی قیادت کے ساتھ رابطے میں ہیں، آج بھی سردار اختر مینگل سے حکومتی کمیٹی رابطے میں ہے۔ بلوچستان کے امن و امان کے پیش نظر سردار اختر مینگل اور بی این پی حکومت سے تعاون کرے۔ بلوچستان حکومت ڈائیلاگ کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بی این پی مینگل کے ایک وفد کی گزشتہ رات بھی انتظامیہ سے ملاقات ہوئی جسکے بعد آج حکومتی وفد کا سردار اخترمینگل سے ملاقات پر اتفاق ہوا۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی کمیٹی راستے میں ہی تھی کہ دھماکہ ہوا۔ بلوچستان حکومت واقعے کی مکمل چھان بین کررہی ہے۔ انکوائری کے نتائج سے عوام کو جلد آگاہ کیا جائے گا۔