پشین اور اوستہ محمد میں فائرنگ سے 2 افراد قتل، سوئی میں ایک شخص زخمی

ڈیرہ بگٹی، مستونگ، اوستہ محمد(یو این اے ڈیرہ بگٹی تحصیل سوئی کے علاقے لنجو میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے دو افراد شدید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کی شناخت میر سیدیانی بگٹی اور فضل حیوانی بگٹی کے ناموں سے کی گئی ہے، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ واقعے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکیں۔ پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ علاوہ ازیں پشین کے علاقے منزرئی بازار کے قریب مسلح افراد نے فائرنگ کر کے ایک افغان شہری کو قتل کر دیا۔ لیویز حکام کے مطابق مقتول کو گیارہ گولیاں لگی ہیں، جس کے بعد وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ایس ایچ او علیزئی تھانہ نے بتایا کہ مقتول کی شناخت رحمت اللہ کے نام سے ہوئی ہے، جو افغانستان کا رہائشی تھا۔ جائے وقوعہ سے ایک موٹر سائیکل بھی برآمد کی گئی ہے۔ دریں اثنا نصیرآباد کے علاقے منجھو شوری پولیس تھانہ کے حدود میں گوٹھ نور محمد مری پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے عزت اللہ ولد مزار خان قوم جتک کو قتل کر دیا اور ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔پولیس کو اطلاع ملتے ہی وہ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور نعش کو منجھو شوری ہسپتال منتقل کر دیا۔