اورماڑہ، پانی کا ٹینکر گزرنے سے زیر تعمیر پل ٹوٹ گیا

اورماڑہ (یو این اے )اورماڑہ کے دور افتادہ دیہی علاقے سیرکی میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں زیرِ تعمیر سڑک پر بنایا جانے والا ایک اہم پل اپنی تکمیل سے پہلے ہی ٹوٹ گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق پانی سے بھرے ایک ٹینکر کے گزرنے کے باعث یہ حادثہ پیش آیا۔ پل کی تباہ شدہ صورتحال اس بات کی واضح نشاندہی کر رہی ہے کہ اس کی تعمیر میں انتہائی غیر معیاری مواد کا استعمال کیا گیا تھا۔ ناقص ڈیزائن اور کمزور سریے کے استعمال نے اس پل کو اتنا کمزور بنا دیا کہ وہ پانی سے بھرے ایک ٹینکر کا بوجھ بھی برداشت نہ کر سکا اور بری طرح ٹوٹ گیا۔ محکمہ بی اینڈ آر کی جانب سے ستمبر 2023 کو سیرکی روڈ کی تعمیر کا کام شروع کیا گیا تھا جو تاحال نامکمل ہے۔ اس واقعے نے علاقے کے مکینوں میں شدید غم و غصے کی لہر دوڑا دی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پسماندگی کا شکار سیرکی میں سڑک اور پل کی تعمیر میں غیر معیاری میٹریل کا استعمال انتہائی تشویشناک ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سیرکی ایک ساحلی علاقہ ہے جہاں مچھلیوں کی خرید و فروخت کا کام ہوتا ہے، مچھلیوں سے بھری گاڑیاں بھی گزرنے کے لیے اسی سڑک کا استعمال کرتی ہیں، ناقص تعمیر کی وجہ سے مستقبل میں یہاں مزید حادثات کا خدشہ ہے۔ مقامی افراد نے متعلقہ حکام سے پرزور اپیل کی ہے کہ سیرکی روڈ کی تعمیر کے کام کو سنجیدگی سے لیا جائے اور پل کا فولادی ڈھانچہ مضبوط اور معیاری مواد سے تیار کیا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں