پاکستان میں ذی القعدہ کا چاند نظر آگیا
ویب ڈیسک ؛مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے پیر کے روز ذوالقعدہ 1446 ہجری کے آغاز کے لیے چاند نظر آنے کا باقاعدہ اعلان کر دیا۔ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے مطابق ذوالقعدہ کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہوا۔زونل رویت ہلال کمیٹی کے اراکین فتی ضمیر احمد ساجد، پیر ممتاز احمد ضیاء نظامی، مولانا اقبال نعیمی، مفتی عبدالسلام، مولانا ہارون رشید، علامہ سجاد حسین نقوی اور مولانا ابوبکر صدیق اجلاس میں شریک ہوئے۔اس کے علاوہ، وزارت مذہبی امور کے ڈپٹی ڈائریکٹر شاہد الرحمان اور محکمہ موسمیات کے نمائندگان غلام مرتضیٰ اور محمد نعمان بھی اجلاس میں موجود تھے۔مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے ٹیلی فون کال کے ذریعے چاند نظر آنے کا باقاعدہ اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کے مختلف حصوں سے چاند نظر آنے کی متعدد شہادتیں موصول ہوئیں، ذوالقعدہ کا پہلا دن منگل، 29 اپریل 2025 کو منایا جائے گا۔اس سے قبل، اسپیس اینڈ اپر ایٹماسفیئر ریسرچ کمیشن (اسپارکو) نے پاکستان میں ذی القعدہ کا چاند نظر آنے کی پیشگوئی کی تھی۔اسپارکو کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ذوالقعدہ 1446 ہجری کے نئے چاند کی پیدائش 28 اپریل کی رات 12 بجکر 31 منٹ پر متوقع ہے۔


