بھارتی رویے سے علاقائی امن کو خطرہ، قوم متحد اور مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے، صدر /وزیراعظم
ویب ڈیسک : صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ملاقات میں پہلگام واقعے کے بعد بھارت کے جارحانہ رویے اور اشتعال انگیز بیانات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ قوم متحد اور مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ڈان نیوز کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں ہونے والے واقعے کے بعد صدر پاکستان اور وزیراعظم کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ بھی موجود تھے۔صدر مملکت اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ہونے والی ملاقات کا اعلامیہ جاری کردیا گیا، جس میں کہا گیا کہ ملاقات کے دوران صدر اور وزیراعظم نے بھارت کے جارحانہ رویے اور اشتعال انگیز بیانات پر تشویش کا اظہار کیا۔ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں بھارت کے جارحانہ رویے، ممکنہ جارحیت پر پاکستان کے ردعمل کا جائزہ لیا گیا جبکہ بھارت سے کشیدگی کے پیش نظر سیکیورٹی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں پہلگام حملے کے حوالے سے بھارتی قیادت کی جانب سے بغیر کسی تحقیقات کے لگائے گئے الزامات پر افسوس کا اظہار کیا گیا۔ملاقات میں کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لیے سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کی فوری ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان دو دہائیوں سے دہشت گردی کا شکار رہا ، بے پناہ انسانی اور معاشی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا، عالمی برادری دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے پاکستان میں عسکریت پسندوں کو فنڈنگ، تربیت اور بھیجنے میں بھارت کے ملوث ہونے کا نوٹس لے۔صدر مملکت نے بھارتی بے بنیاد الزامات پر حکومت کے ردعمل اور ذمہ دارانہ انداز میں صورتحال سے نمٹنے کو سراہا۔آصف زرداری نے کہا کہ پاکستان ہر قیمت پر اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور اہم قومی مفادات کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان علاقائی سالمیت اور خودمختاری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور پاکستان کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گا۔صدر مملکت اور وزیراعظم کے ملاقات کے اعلامیے میں کہا گیا کہ بھارتی رویے سےعلاقائی امن کو خطرہ ہے تاہم پاک فوج خطرے اور جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے جب کہ قوم متحد اور مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔


