شاہین میزائل کے استعمال سے متعلق بھارت جھوٹا بیانہ پھیلا رہا ہے، ترجمان دفتر خارجہ
اسلام آباد (انتخاب نیوز) دفتر خارجہ نے پاکستان کے شاہین میزائل کے استعمال سے متعلق بھارتی میڈیا کے دعوے مسترد کر دیے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے اسلام آباد سے اس حوالے سے کہا کہ شاہین میزائل سے متعلق بھارتی میڈیا کا دعویٰ بے بنیاد اور من گھڑت ہے۔ بھارتی فوج کا ویڈیو دعویٰ غلط ثابت ہونے پر ہٹا دیا گیا، ویڈیو ہٹانے کے باوجود بھارتی میڈیا نے جھوٹا بیانیہ پھیلایا۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ بھارتی فوج نے ویڈیو سے متعلق وضاحت یا تردید جاری نہیں کی۔ انہوں نے کہا ماہرین کے مطابق یہ مہم بھارت کی آپریشن سندور میں ناکامی چھپانے کی کوشش ہے۔ ترجمان نے کہا بھارت کا جھوٹا پروپیگنڈا جنگ بندی پر غلط بیانی اور ایٹمی بلیک میلنگ کے بیانیے سے جڑا ہے، 12 مئی کی آئی ایس پی آر کی پریس ریلیز میں استعمال ہتھیاروں کی تفصیل موجود ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا پاکستان نے فتح ایف ون، ایف ٹو میزائل، جدید ڈرونز اور طویل فاصلے کی توپوں کا استعمال کیا۔ ترجمان نے کہا کہ بے بنیاد اور اشتعال انگیز خبریں خطے کے امن کو نقصان پہنچاتی ہیں۔


