دنیائے موسیقی کے بے تاج بادشاہ نصرت فتح علی کی 23 ویں برسی

دنیا ئے موسیقی کے بے تاج بادشاہ اُستاد نصرت فتح علی خان کی 23 ویں برسی آج 16 اگست کو منائی جا رہی ہے۔

دنیا ئے موسیقی کے بے تاج بادشاہ اور قوالی کے فن کو نئی جہت دینے والے اُستاد نصرت فتح علی خان کو ہم سے جدا ہوئے 23 برس بیت گئے لیکن ان کی بنائی ہوئی دھنیں آج بھی لوگوں کے کانوں میں رس گھول رہی ہیں۔

لاکھوں دلوں پر راج کرنے والے نصرت فتح علی خان1948 میں فیصل آباد میں پیدا ہوئے، آپ کے والد اُستاد فتح علی خان اور چچا اُستاد مبارک علی خان اپنے دور کے مشہور قوال تھے۔

دنیا ئے موسیقی کے بے تاج بادشاہ نصرت فتح علی کی 23 ویں برسی
نصرت فتح علی خان نے بطور قوال دم مست قلند مست مست سے ملک گیر شہرت حاصل کی اور انہوں نے قوالی کی صنف میں مغربی انداز متعارف کروایا جسے دنیا بھر میں بھرپور پزیرائی حاصل ہوئی۔ بین الاقوامی سطح پر ان کی شہرت ورلڈ میوزک آرٹ اینڈ ڈانس فیسٹیول سے شروع ہوئی جس کے بعد نصرت فتح علی خان کی آواز کا جادو سر چڑھ کر بولنے لگا۔

اُستاد نصرت فتح علی خان نے کئی مشہور شعرا کے لکھے گیت گا کر اُن کے کلام کو امر کر دیا جہاں بھارتی فلمیں بھی نصرت کی آواز کے بغیر ادھوری سمجھی جانے لگیں اس کے علاوہ انہوں نے کئی بھارتی فلموں میں گانے کے ساتھ موسیقی بھی ترتیب دی۔

نصرت فتح علی خان کی قوالیوں کے 125 البمز ریلیز ہوئے جس کی وجہ سے اُن کا نام گنیز بک آف دی ورلڈ ریکارڈ میں درج کیا گیا، ان کے مشہورگیتوں میں ’اکھیاں اڈیکدیاں، ایس توں ڈاڈا دکھ نہ کوئی، یار نہ بچھڑے، میری زندگی ہے تو اور دلوں میں اُتر جانے والی حمد وہی خدا ہے‘ قابل ذکر ہیں۔

نصرت فتح علی 16 اگست1997 کو اس جہاں فانی سے کوچ کرگئے لیکن گلوکاری کے میدان میں شاید ان کا خلاء مدتوں پورا نہ ہوسکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں