ایران اسرائیل جنگ،پاکستان امن کی کوشش میں کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہیں، شہباز شریف
ویب ڈیسک : وزیر اعظم شہباز شریف اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، جس میں وزیراعظم نے ایران-اسرائیل بحران کے پُرامن حل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان موجودہ تشویشناک صورتحال میں امن کی کوشش میں تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔وزیر اعظم کے دفتر کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا کہ دونوں کے درمیان بات چیت خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ہوئی، جس میں دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر اعظم شہباز شریف نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، شہباز شریف نے پاک-بھارت سیز فائر معاہدے میں امریکی کردار کو سراہا، ان کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے پاکستان بھارت مذاکرات ناگزیر ہیں۔شہباز شریف نے مسئلہ کشمیر، پانی، تجارت اور انسداد دہشت گردی سمیت تمام امور پر بات چیت کی ضرورت پر زور دیا۔
جاری اعلامیے کے مطابق ایران-اسرائیل بحران کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی، جس میں وزیرِ اعظم نے اس سنگین بحران کے پرامن حل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان موجودہ تشویشناک صورتحال میں امن کی کوشش میں تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے، یہ بحران نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کے لیے باعثِ تشویش ہے۔اس موقع پر پاک-امریکا تجارت، توانائی، آئی ٹی، نایاب معدنیات سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، اسی طرح کالعدم بی ایل اے، کالعدم ٹی ٹی پی سمیت دیگر دہشت گرد گروپوں کے خلاف کارروائی کا عزم دہرایا گیا۔شہباز شریف نے پاکستان اور امریکا کے درمیان عملی تعاون کی ضرورت پر زور دیا، وزیر اعظم نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیر خارجہ روبیو کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔اس موقع پر امریکی وزیر خارجہ نے پاکستان کی انسداد دہشت گردی کوششوں کو سراہا، مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ امریکا پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔


