مصور کاکڑ کے قاتلوں کو عبرتناک سزا دی جائے، پیپلز پارٹی مظلوم خاندان کے غم میں برابر کی شریک ہے، علی حسن زہری

کوئٹہ (آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما، صدرِ مملکت آصف علی زرداری کے ترجمان اور صوبائی وزیر برائے زراعت و کوآپریٹو میر علی حسن زہری نے نومبر میں اغوا ہونے والے معصوم 10 سالہ بچے مصور کاکڑ کی لاش مستونگ سے ملنے اور اس کے بہیمانہ قتل پر گہرے رنج و غم اور شدید الفاظ میں مذمت کا اظہار کیا ہے۔میر علی حسن زہری نے اپنے بیان میں کہا کہ ایک معصوم بچے کو اغوا کرنے کے بعد سفاکی سے قتل کرنا انسانیت سوز اور ناقابلِ معافی جرم ہے۔ یہ واقعہ نہ صرف متاثرہ خاندان بلکہ پورے معاشرے کے لیے ایک دل دہلا دینے والا سانحہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں بحیثیت قوم ایسے ظالمانہ واقعات پر خاموشی توڑنی ہوگی۔ ایسے درندہ صفت عناصر جو ہمارے بچوں کو نشانہ بناتے ہیں، ان کے خلاف سخت ترین کارروائی ہونی چاہیے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت بلوچستان اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس سنگین واقعے کی فوری اور شفاف تحقیقات کریں اور ذمہ داروں کو عبرتناک سزا دی جائے۔میر علی حسن زہری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی مظلوم خاندان کے غم میں برابر کی شریک ہے اور وہ ہر فورم پر اس اندوہناک واقعے کی آواز بلند کرے گی۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی معصوم مصور کاکڑ کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو یہ ناقابلِ برداشت صدمہ برداشت کرنے کی توفیق دے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں