بلوچستان حکومت کا ایرانی پیٹرول و ڈیزل کی اسمگلنگ پر مستقل پابندی کا فیصلہ، سرحد پر نگرانی سخت کردی گئی

کوئٹہ (صباح نیوز) ایران سے ملحقہ 900 کلومیٹر طویل سرحد پر نگرانی سخت، بلوچستان حکومت کا ایرانی پیٹرول و ڈیزل کی اسمگلنگ پر مستقل پابندی کا فیصلہ۔ بلوچستان حکومت نے معاشی خطرات اور سیکورٹی مسائل کی وجہ سے غیر قانونی ایرانی پیٹرول کی ترسیل و فروخت پر مستقل پابندی کا فیصلہ کیا ہے، حکومتی رپورٹ کے مطابق ایران سے بلوچستان کے راستے سالانہ 2 ارب 80 کروڑ لیٹر پیٹرول اور ڈیزل اسمگل کیا جاتا ہے، جس سے قومی خزانے کو تقریباً 227 ارب روپے کا نقصان ہوتا ہے۔ سیکورٹی اداروں کی مشترکہ رپورٹ کے بعد حکومت نے ایرانی تیل کی غیر قانونی ترسیل روکنے کے لیے مو¿ثر اقدامات کیے ہیں اور ایران سے ملحقہ 900 کلومیٹر طویل سرحد پر نگرانی سخت کر دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کوئٹہ نے کوئٹہ میں 600 سے زائد غیر قانونی ایرانی پیٹرول پمپوں کو سیل کردیا ہے۔ کمشنر کوئٹہ ڈویژن حمزہ شفقات نے اس کارروائی کی تصدیق کی ہے۔ دوسری جانب بلوچستان اسمبلی کے اپوزیشن اراکین نے حکومت کے اس فیصلے پر سخت تنقید کی ہے اور اسے صوبے کی معاشی صورتحال کے لیے نقصان دہ قرار دیا ہے۔ تاجر برادری نے بھی اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس پابندی سے صوبے میں بیروزگاری اور غربت میں اضافہ ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں