وفاقی وزیر برائے بحری امور کا پارلیمانی وفد کے ہمراہ گوادر یونیورسٹی کا دورہ
گوادر (این این آئی) وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چوہدری نے پارلیمانی وفد کے ہمراہ گوادر یونیورسٹی اور پاک چائنا ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹیٹیوٹ کا دورہ کیا۔دورے کے دوران انہوں نے دونوں اداروں کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور تدریسی و انتظامی امور پر بریفنگ حاصل کی۔پاک چائنا انسٹیٹیوٹ میں منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت بھی کی، جس میں گوادر یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر منظور احمد بلوچ نے تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس میں تعلیمی ترقی، فیکلٹی سے متعلق مسائل اور مقامی طلبہ کو جدید فنی تربیت فراہم کرنے جیسے اہم امور زیر بحث آئے۔وفاقی وزیر نے گوادر میں اعلیٰ تعلیم اور فنی مہارت کے فروغ کو قومی ترقی کے لیے ناگزیر قرار دیتے ہوئے، مکمل سرکاری تعاون کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے انسٹیٹیوٹ میں میری ٹائم شعبے سے متعلق تدریس کے لیے اپنی اور وزارت کے افسران کی رضاکارانہ خدمات فراہم کرنے کی پیشکش بھی کی۔پرو وائس چانسلر نے اجلاس میں ادارے کو درپیش مسائل اور اسٹاف سے متعلق مشکلات وفاقی وزیر اور پارلیمانی وفد کے سامنے پیش کیں، جن پر وفاقی وزیر نے مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کی منظوری دی۔


