افغان سرحد سے در اندازی کرنیوالے 5 مبینہ خودکش حملہ آور گرفتار کرلیے، سیکورٹی ذرائع
پشاور (ویب ڈیسک) سیکورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد سے خوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام بناکر 5 مبینہ خودکش حملہ آوروں کو گرفتار کرلیا۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق 17 جولائی کی شام 5 بجے خوارج نے پاک افغان سرحد سے دراندازی کی کوشش کی، سیکورٹی فورسز نے اطلاع ملتے ہی 5 مختلف مقامات پر ناکہ بندی کردی اور شام 6 بج کر 25 منٹ پر خوارج سرحد سے پاکستانی حدود میں داخل ہوئے۔ سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ دراندازی کے بعد خوارج نے عزیز خیل اور منڈی خیل کی سمت پیش قدمی کی جہاں فورسز کی موجودگی کے باعث خوارج نے بیسی خیل کی مسجد میں پناہ لے لی جس کے بعد سیکورٹی فورسز نے فوری طور پر مسجد کا محاصرہ کیا۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق سیکورٹی فورسز کی بہترین حکمت عملی کے باعث خوارج نے ہتھیار ڈال دیے۔ سیکورٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ گرفتار خوارج افغان شہری ہیں جن میں سے 3 کے پاس افغان شناختی کارڈ بھی موجود ہیں جبکہ گرفتار افراد کی عمریں 15 سے 18 سال کے درمیان ہیں۔


